فیصل آباد، شادی کی تقریب میں ڈاکوئوں کی فائرنگ، دلہا قتل اور اسکے دو بھائی زخمی

فیصل آباد (آئی این پی)شادی کی تقریب میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مسلح ڈاکوئوں نے فائرنگ کرکے دلہا کو قتل اور اسکے دو بھائیوں کو زخمی کردیا۔ ترجمان شہزاد جاوید کے مطابق تھانہ ستیانہ کے علاقہ 39 گ ب میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوئوںنے فائرنگ کرکے نوجوان عمیر کو قتل اور اسکے دو بھائیوں اویس اور تنویر کو زخمی کردیا۔ترجمان نے بتایا کہ پولیس کو رات گئے اطلاع موصول ہوئی کہ3کس نا معلوم مسلح افراد نے گھر میں داخل ہو کراسلحہ کے زور پرسائل تنویر سے موبائل فون اور سائل تنویر کے بھائی عمیر سے طلائی انگوٹھی وشناختی کارڈ وغیرہ چھین لی۔

مزاحمت پر ملزمان نے سیدھی فائرنگ کر دی۔فائرنگ کے نتیجہ میں عمیر جان بحق ہو گیا جب کہ اسکے بھائی اویس اور تنویر مضروب ہوگئے۔وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس آفیسر کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر محمد راضوان،ایس ایس پی انوایسٹی گیشن کیپٹن (ر)محمد اجمل،ایس پی جڑانوالہ ڈویژن عابد ظفر،ڈی ایس پی سرکل جڑانوالہ اورایس ایچ او تھانہ ستیانہ موقع پر پہنچ گئے۔پولیس کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے۔تھانہ ستیانہ میں مقدمہ نمبر 879/23بجرم 394/302ت پ درج کرکے نا معلوم ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ سٹی پولیس آفیسر کیپٹن (ر)محمد علی ضیاء نے واقعہ کا نوٹس لے کر ایس پی جڑانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔سٹی پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے متاثرہ خاندان کے گھر پہنچ کر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کو یقین دہانی کروائی کہ آپ کے ملزمان کو جلد سے جلد گرفتارکیا جائے گااور سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔سٹی پولیس آفیسر کی ہدایت پرایس ایس پی انویسٹی گیشن کی زیر نگرانی ایس پی جڑانوالہ ڈویژن عابد ظفر کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور جلد از جلد ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے۔ اہل خانہ کے مطابق مقتول عمیر واپڈا میں ملازم تھا اور اس کی شادی کی تقریبات جاری تھیں۔قتل ہونے سے قبل اس کی مہندی کی رسم ہورہی تھی کہ نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے اسے قتل اور بھائیوں کو زخمی کردیا۔

close