لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے وزارت توانائی کے احکامات کی روشنی میں صارفین کے لیے سولر گرین میٹرز لگانے پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے جس کے باعث ہزاروں صارفین متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ نیپرا نے اس سے قبل ان میٹروں کی تنصیب کی اجازت دے رکھی تھی لیکن اب وزارت کی نئی ہدایات کے بعد اس عمل کو روک دیا گیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ معطلی ایک سے دو ماہ تک برقرار رہ سکتی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق رہائشی اور صنعتی دونوں اقسام کے صارفین پر یکساں طور پر ہوگا اور لیسکو نے واضح کیا ہے کہ نئے میٹرز کی تنصیب صرف اسی صورت میں ممکن ہوگی جب وزارتِ توانائی سولر گرین میٹرز کے حوالے سے نئی پالیسی جاری کرے گی۔
لیسکو کے ساتھ ساتھ ملک کی دیگر تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے بھی سولر کنکشنز کی فراہمی اس وقت تک معطل کر دی ہے جب تک وزارت کی جانب سے نئی اور واضح ہدایات موصول نہیں ہو جاتیں۔ لیسکو حکام کے مطابق اس پابندی کی وجہ سے وہ صارفین بھی شدید مشکلات کا شکار ہوں گے جنہوں نے اپنے گھروں یا کارخانوں میں سولر سسٹم تو نصب کر لیے ہیں اور گرین میٹرز کے حصول کے لیے درخواستیں بھی جمع کرا رکھی ہیں لیکن اب انہیں پالیسی کی تبدیلی تک انتظار کرنا پڑے گا۔ اس تعطل کے دوران حکومت کی جانب سے نئی سولر گرین میٹر پالیسی مرتب کیے جانے کا قوی امکان ہے جس کے باقاعدہ اجراء کے بعد ہی میٹرز لگانے کا کام دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






