پُرتشدد احتجاج کرنے والوں سے آڑے ہاتھوں نمٹنے کیلئے حکومت کا اہم فیصلہ

حکومتِ پنجاب نے پرتشدد احتجاج کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اب املاک کو نقصان پہنچانے اور پرتشدد مظاہرے کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پنجاب اسمبلی میں پیش کیے گئے پولیس آرڈر (دوسری ترمیم) ایکٹ 2025 کے تحت پُرتشدد احتجاج کرنے والوں کو نہ صرف سزائیں دی جائیں گی بلکہ انہیں ہونے والے نقصان کی بھرپائی بھی کرنی ہوگی۔ اس قانون کے نفاذ کے لیے رائٹ مینجمنٹ یونٹ قائم کیا جائے گا، جس کی ایڈمنسٹریشن ایڈیشنل آئی جی رینک کا افسر کرے گا اور یونٹ کو جدید آلات سے لیس کیا جائے گا۔ افسران کو غیر قانونی احتجاج سے نمٹنے کی خصوصی تربیت بھی دی جائے گی۔

بل کے مطابق غیر قانونی رائٹ زون کا تعین ضلعی ڈسٹرکٹ کمشنر کرے گا اور تعین کے بعد زون کو کارڈن آف کیا جا سکے گا۔ زون میں رائٹ مینجمنٹ یونٹ کے انسیڈینٹ کمانڈر احتجاج کرنے والوں سے نمٹیں گے، جبکہ انسیڈینٹ کمانڈر انچارج پولیس اسٹیشن کے رینک کا افسر ہوگا۔ رائٹ مینجمنٹ افسران پر قانونی کارروائی نہیں ہو سکے گی۔

پرتشدد احتجاج کا ملزم قرار پانے والے افراد کو ہونے والے نقصان کی بھرپائی کرنا ہوگی، جس میں نجی و سرکاری املاک، انسانی جانوں اور دیگر نقصانات شامل ہیں۔ ٹرائل کورٹ نقصان کا تعین محکمہ داخلہ کی مدد سے کرے گی، جبکہ فیصلے کو ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے سامنے چیلنج کیا جا سکتا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق رائٹ مینجمنٹ یونٹ میں رائٹ مینجمنٹ فورس کے افسران تعینات ہوں گے۔ بل کو دو ماہ کے لیے متعلقہ کمیٹی کے حوالے کیا گیا ہے، جس کے بعد اسے منظوری کے لیے پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close