لاہور (پی این آئی) مریم نواز کی مصنوعی ذہانت کی مدد سے بنائی جانے والی تصاویر پر لائک اور کمنٹس کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ، وزیر اعلٰی پنجاب کی تصاویر شیئر کرنے پر مزید 10 افراد کیخلاف مقدمات درج، 2 خواتین کو گرفتار کر لیا گیا، ایف آئی اے ملزمان کو 5 سے 7 سال کی سزا دلوانے کیلئے کوشاں۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مصنوعی ذہانت کی مدد سے بنائی گئی تصاویر شیئر کرنے پر مزید 10 افراد کیخلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔ اس حوالے سے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملزمان میں دو خواتین بھی شامل ہیں، اس معاملے پر اب تک 18 افراد کیخلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔
اسٹیٹ اور معزز شخصیات کیخلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تصاویر بنانے، شیئر اور کمنٹس کرنے والے ایف آئی اے کے ملزم ہیں۔ تصاویر بنانے والے، شیئر، لائیک اور کمنٹ کرنیوالوں کو بھی پکڑا جائے گا، اس معاملے میں ملزمان کی 4 کیٹگریز بنائی گئی ہیں۔ ان ملزمان کو 5 سے 7 سال تک سزا ہوگی۔ سائبر کرائم قوانین کو مزید سخت بنارہے ہیں، ملک سے باہر بیٹھ کر شر پسندی کرنے والوں کو پاکستان لائیں گے۔
شہباز گل اور عادل راجہ جیسے ملزمان کو پاکستان لانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ جبکہ 2 خواتین کی گرفتاری سے متعلق تحریک انصاف کی جانب سے بھی ردعمل دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صدف جبیں اور روبا حیدر دونوں گھویلو خواتین ہیں جن کو رات کے پچھلے پہر لاہور پولیس نے گرفتار کیا۔ گرفتاری کے بعد 5 گھنٹے تھانہ نواب ٹاون میں بند رکھنے کے بعد دونوں خواتین کو ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں