راولپنڈی پر بڑےحملے کا منصوبہ ناکام

سی ٹی ڈی نے راولپنڈی پر بڑے حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا، فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

راولپنڈی میں چکری کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں میں فائرنگ کے تبادلے کا واقعہ پیش آیا ہے۔اس حوالے سے ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی اس دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم کو دیکھتے ہی اس پر فائرنگ کردی۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق 3دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے، مقابلے کے دوران 2 دہشت گرد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ، سیفٹی فیوز وائر اور آئی ای ڈی بم برآمد ہوئے ہیں، اس کے علاوہ ہلاک دہشت گردوں سے رائفلیں، گولیاں اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے، اس سلسلے میں چکری کےقریب ناکہ بندی کردی گئی۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کاعمل جاری ہے، دہشت گرد راولپنڈی پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی مکمل کرچکے تھے۔قبل ازیں صوبہ خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران 3 خوارج کو ہلاک اور 3 کو زخمی کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر کے علاقے باڑہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج مارے گئے۔دوسری کارروائی افغان سرحد سے دراندازی کرنے والے خوارج کے خلاف کی گئی۔ جنوبی وزیرستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک خواج کو ہلاک جبکہ 3 زخمی کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close