پنجاب اسمبلی سے معطل اپوزیشن اراکین کو بحال کر دیا گیا

لاہور(پی این آئی)پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپوزیشن کے گیارہ معطل اراکین اسمبلی بحال کردیے۔

پنجاب اسمبلی کی کمیٹی برائے اخلاقیات نے متفقہ طور پر اپوزیشن کے گیارہ معطل اراکین اسمبلی کو بحال کرنےکی سفارش کی تھی۔ اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپوزیشن کے گیارہ معطل اراکین اسمبلی کی بحالی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ہفتہ کو اپوزیشن اور حکومتی بینچوں کے درمیان باہمی احترام اور گورننس کو فروغ دینے کے لیے کمیٹی برائے اخلاقیات کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر ملک احمد خان نے کی۔ اجلاس میں اپوزیشن اور حکومتی بینچوں کے گیارہ اراکین نے شرکت کی۔

کمیٹی نے متفقہ طور پر اپوزیشن کے 11 معطل اراکین اسمبلی کو بحال کرنے کی سفارش کی جس پر اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپوزیشن کے 11 معطل اراکین اسمبلی کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔اجلاس میں ایوان کی کارروائی میں کسی بھی رکن کی تضحیک کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد اور ایوان اور قائد حزب اختلاف کے پارلیمانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے جانے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسمبلی کی کارروائی کے دوران کسی رکن کو نازیبا الفاظ کےاستعمال اور گالم گلوچ کی اجازت نہیں دی جائےگی۔ کمیٹی نے خواتین اراکین اسمبلی کےبارے میں ہتک آمیز الفاظ پر پابندی لگانے اور ان کے احترام کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا۔کمیٹی نے ماضی میں ہوئے ایسے واقعات کی شدید مذمت کی اور اسپیکر کے احترام اور وقار کے تحفظ کی یقین دہانی کروائی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close