راولپنڈی(آئی این پی) نگراں وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ نگراں حکومت دیہی علاقوں میں ہیلتھ سیکٹر کی بہتری کیلئے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ نیشنل ایمبولینس سروس کے نام سے دیہی علاقوں میں بلا معاوضہ ایمبولینس کی سہولت مہیا کی جارہی ہے۔ دیہی مراکز صحت کیلئے100ایمبولینس مہیاکردی گئی ہیں، مزید 112 جلد فراہم کر دی جائیں گی۔
ایمبولینس سروس زچہ خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر مہیا کی جائے گی۔ کسی پیچیدگی کی صورت میں انہیں بڑے ہسپتال بھی شفٹ کیا جا سکے گا اور کوئی معاوضہ نہیں لیا جائے گا۔دیہی مراکز صحت میں 300 الٹراساؤنڈ مشینیں بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔ان مراکزمیں نرسوں اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کو الٹراساؤنڈ کے استعمال کی تربیت دی گئی ہے تاکہ مقامی طور پر ہی بیماری کی تشخیص کی جا سکے۔نگراں وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا کہ دیہی مراکز صحت کو کمپیوٹرائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مریض کے پہلی بار آنے سے لے کر مہیا کی جانے والی دواؤں اور دیگر سہولتوں کا ریکارڈ رکھا جا سکے گا۔ دیہی مراکز صحت کی کمپیوٹرائزیش سے مریض کی بیماری کی ہسٹری بھی دستیاب ہو سکے گی۔ڈیجیٹل سسٹم کے تحت دیہی اورعلاقائی ہسپتالوں میں مریضوں کی آمدورفت اورعلاج کی مانیٹرنگ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 119رولرہیلتھ سینٹرز کی سروسز میں بہتری کا ہدف جلد حاصل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں جدید مشینریز اور ایمبولینس دی گئی ہیں۔ڈسٹرکٹ اورتحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں تھری کلربیڈشیٹ اورایمرجنسی کیلئے ڈسپوزیبل بیڈشیٹ مہیا کی گئی ہیں۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں