رحیم یار خان(آئی این پی)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی قیادت میں شروع ہونے والا کچہ گرینڈ آپریشن 27 ویں روز بھی جاری، پنجاب پولیس نے واضح کامیابیاں حاصل کرلیں۔پنجاب پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق پنجاب پولیس نے کچہ کے خطرناک گینگز عمرانی ، لاٹھانی ، سکھانی ، کوکانی ، قیصرانی اور دولانی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کیں، آپریشن کے دوران اب تک 51 ڈاکو گرفتار، 06 ہلاک کئے جا چکے جبکہ 05 نے سرنڈر کیا ہے، آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن(ر)سجاد حسن خان آپریشنل ایریا میں فرنٹ لائن پر ہراول دستوں کے ہمراہ موجود ہیں۔
پولیس دستوں نے 20 لاکھ ہیڈ منی کے مجرم عطا اللہ کی کمین گاہ کو مسمار کر کے کچہ عمرانی کے اہم ترین حصوں کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا، شدید مزاحمت اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد 20 لاکھ ہیڈ منی کا ڈاکو موج علی، 8 لاکھ ییڈ منی کا ڈاکو سبز علی ، بدنام ذمانہ کچہ کرمنل وقاری قیصرانی کی کمین گاہیں تباہ کر دی گئیں ۔ڈاکوں کی کمین گاہوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ ایمونیشن برآمد کر کے کمین گاہوں کو مکمل تباہ کر دیا گیا، علاقہ سے اغوا برائے تاوان، راہزنی، ڈکیتی، اسلحہ سمگلنگ، قتل اور اقدام قتل میں ملوث پٹ گینگ اور عمرانی گینگ کے منظم نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا۔رحیم یار خان پولیس نے کچہ کراچی سمیت کچہ کا بیشتر علاقہ کریمینلز سے کلیئر کروا لیا ہے، عطا اللہ پٹ کے مسکن اور بستی چانڈیہ، بستی قیصرانی اور بستی پٹ پر 4 نئی پولیس پکٹس قائم کر کے حکومت و ریاست کی رٹ قائم کر دی گئی ہے۔ڈی پی آر پنجاب پولیس کے مطابق پولیس کچہ آپریشن کو ہیٹ میپ کے مطابق سر انجام دیتے ہوئے بہترین حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، پولیس پائیدار امن کے لیے کریمینلز کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں