لاہور ( آئی این پی)مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں ای روزگار پروگرام کی مقبولیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کو مستقبل میں وسعت دیں گے، پنجاب میں 45ای روزگار سنٹرز کام کررہے ہیں جس میں سینکڑوں نوجوان تربیت حاصل کرکے باعزت روزگار کما رہے ہیں،نوجوان زیادہ سے زیادہ اس پروگرام سے استفادہ کریں اور روزگار کے طریقے سیکھیں، محکمہ یوتھ افیئرز پنجاب ہر طرح سے تعاون کرے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ای لائبریری میں محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب کے زیراہتمام ای روزگار یوتھ ٹیکنالوجی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب شاہد زمان، ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل، ڈی جی پی آئی ٹی بی ساجد لطیف، پنجاب یونیورسٹی کے فوکل پرسن ڈاکٹر شاہد،عاصمہ رائو،ای روزگار پروگرام سے مستفید ہونیوالے نوجوان اور ماہرین نے بھی خطاب کیا، سیمینار میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے مزید کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی وقت کی اہم ضرورت ہے جس کی مدد سے ہم دنیا میں ہونیوالی جدید تحقیق اور نئے علوم سیکھ سکتے ہیں، محکمہ یوتھ افیئرز پنجاب جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے ای روزگار پروگرام سے نوجوانوں کو آمدن کے ذرائع سے متعلق آگاہی دے رہا ہے، سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب شاہد زمان نے کہا ہے کہ ای روزگار پروگرام سے نوجوانوں کو روزگار کمانے کے جدید طریقوں سے آگہی دی جارہی ہے،ہزاروں نوجوان ای روزگار پروگرام سے کامیاب زندگی گزار رہے ہیں، پروگرام کو آگے بڑھانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے ای روزگار پروگرام بہترین پلیٹ فارم ہے۔ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت اچھا پروگرام منعقد کیا گیا ہے جس میں آئی ٹی ماہرین، طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد شریک ہیں، آج انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے، سیمینار سے نوجوانوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا، انہوں نے مزید کہا ہے کہ ای روزگار پروگرام میں جدید ٹیکنالوجی جو استعمال کیا گیا ہے جس سے پروگرام تک رسائی بہت آسان ہے، نوجوانوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے ای روزگار پروگرام کو وسعت دینے کیلئے کام کررہے ہیں، محکمہ یوتھ افیئرز پنجاب نوجوانوں میں قائدانہ صلاحتیں اجاگر کررہا ہے، نوجوان اپنی صلاحیتوں کو اجاگرکرنے کیلئے یوتھ ہیلپ لائن سے بھی مدد لے سکتے ہیں، ڈی جی پی آئی ٹی بی ساجد لطیف نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ملک بھر میں 65ای روزگار سنٹرز کام کررہے ہیں،اب تک 51ہزار ای گریجوایٹس تیارکرچکے ہیں پنجاب میں ای روزگار پروگرام کی کامیابی کے بعد وفاقی حکومت نے اس کو آگے بڑھایا، نوجوان ای روزگار پروگرام سے 12ڈالر فی گھنٹہ کمارہے ہیں، نوجوان ماہانہ لاکھوں روپے کما کر ملکی ترقی میں حصہ ڈال سکتے ہیں،ای روزگار پروگرام کے تربیت یافتہ نوجوان دوسرے نوجوانوں کو بھی تربیت دیں۔سیمینار میں مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض، سیکرٹری سپورٹس پنجاب شاہد زمان،ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل ، ڈی جی پی آئی ٹی بی ساجد لطیف، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نازش نور، ساجد ودیگر کو سوینئرز پیش کئے گئے،پینل ڈسکشن میں مس مزمل، انعم حمزہ، عمر فاروق، انعم بابر اور عمررانا نے حصہ لیا، سیمینار میں شرکت کرنیوالے طلبہ و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں