لاہور ( آئی این پی)نگران وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے شہریوں کی روزمرہ شکایات کے جلد ازالے کے لئے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شکایات کے فوری اندراج کے لئے ہیلپ لائن 1198 کا اجراء کیا جائے گا۔ شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے یہ سسٹم 24 گھنٹے فعال رہے گا۔ اس نظام میں مختلف سطحوں پر شکایات کے ازالے کے لئے ٹائم لائن مقرر کی جائے گی۔
مقررہ وقت میں شکایت دور نہ کرنے پر اعلی سطح کا افسراس کا شکایت کا نوٹس لے کر اسے دور کرے گا – نگراں وزیر بلدیات کی زیر صدارت محکمہ کے کمپلینٹ سیل کا اجلاس ہوا۔ابراہیم مراد نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات ترجیحی بنیادوں پر دور کی جائیں اور شہریوں کی شکایات پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں کی جواب طلبی کی جائے گی۔اجلاس میںایڈیشنل سیکرٹری بلدیات طارق نیازی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہریوں کی طرف سے سوشل میڈیا اور وٹس ایپ کے ذریعے بھیجی جانے والی شکایت پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب بھر کے مختلف علاقوں سے صفائی ، نکاسی آب ، پارکنگ، غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات اور دیگر شہری امور کے بارے میں شہریوں کی شکایات دور کی گئیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں