گیس کی لوڈشیڈنگ کے باوجود بلوں میں ہوشربا اضافہ، صارفین کی چیخیں نکال دیں

فیصل آباد (آئی این پی)گیس کی لوڈشیڈنگ کے باوجود بلوں میں ہوشربا اضافہ سے صارفین بلبلا اُٹھے، سوئی نادرن گیس کمپنی نے گھریلو صارفین کے گیس میٹر کا کرایہ 40 روپے سے بڑھا کر 500 روپے کر دیا، غریب صارفین جن کا بل 400 روپے کے لگ بھگ آتا تھا ان کے گیس بل 2ہزار سے تجاوز کر گئے۔ سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ کے صارفین کا کہنا ہے کہ ایک طرف سوئی گیس انتظامیہ کی طرف سے گیس لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور گیس 24 گھنٹوں کے دوران بمشکل 7 گھنٹے گیس آتی ہے جس کی وجہ سے صارفین پہلے ہی کھانا تیار کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

جبکہ کئی علاقوں میں تو گیس ناپید ہو چکی ہے۔ اس کے باوجود سوئی گیس نے گیس کے ٹیرف میں اضافہ کرتے ہوئے گیس کے میٹر کے کرایہ 40 روپے سے بڑھا کر 500 روپے کر دیا جسکی وجہ سے قبل ازیں غریب اور محنت کش صارفین کو پہلے 400 روپے کے لگ بھگ گیس کا بل آتا تھا اب اُنہیں 2ہزار کے لگ بھگ گیس کے بل آنے پر صارفین کی چیخیں نکل گئیں۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ حکمران اپنی عیاشیوں اور شہ خرچیوں میں کمی کرنے کی بجائے عوام پر بجلی کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد گیس کی قیمت اور میٹر کے کرایہ میں کئی سو گنا اضافہ کر کے عوام پر بوجھ ڈال دیا ہے اور پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسنے والی عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات کریں اور عوام کو ریلیف دیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں