فیصل آباد، فائرنگ کر کے 4 بچوں کا باپ مار دیا گیا

فیصل آباد (آئی این پی)شہر کے انتہائی بارونق علاقے چباں روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے ناز تھیٹر کے ٹھیکیدار 4بچوں کے باپ کو موت کے گھاٹ اتاردیا پولیس نے نعش قبضہ میں لیکرپوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کرکے اندھے قتل کا سراغ لگانے کیلئے مختلف پہلوئوں پر تفتیش شروع کردی۔بتایا جاتا ہے کہ جمیل آباد گلی نمبر10کے رہائشی 40سالہ قلندر عباس ولد شرافت علی رات گئے نازتھیٹر سے ڈرامہ ختم ہونے کے بعد واپس گھرجارہا تھا کہ جب وہ چباں روڈ پر پہنچا تونامعلوم مسلح افراد نے گھیر لیا اور فائرنگ کرکے بری طرح زخمی کرکے فرار ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی توقلندر عباس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑچکا تھا مقتول کے والد شرافت علی کا کہنا ہے کہ ان کی کسی کے ساتھ دشمنی نہ ہے قلندر عباس تین بیٹوں اور ایک بیٹی کا باپ ہے جس نے ناز تھیٹر ٹھیکہ پر لے رکھا تھا اوروہ حسب معمول رات گئے گھرآرہا تھا کہ نامعلوم افراد نے گولیاں مارکر ابدی نیند سلا دیا تاہم پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر خونی ڈکیتی سمیت مختلف پہلوئوں پر تفتیش شروع کردی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close