کچے میں 51 ہزار ایکڑ علاقہ ڈاکوؤں سے کلیئر، 3 شرپسند ہلاک، 8 زخمی، 46 گرفتار، قابل سکھانی گینگ کے گرد گھیرا تنگ

لاہور (آئی این پی)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدار ت وزیراعلیٰ آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں کچے کے علاقے میں شرپسندوں کے خلاف جاری پولیس آپریشن کا جائزہ لیاگیا۔انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس آپریشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کچے میں 51ہزار ایکڑ علاقے کو کلیئر کرالیاگیا ہے اورشرپسندوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے ہیں جبکہ دیگر علاقے کو کلیئر کرانے کیلئے آپریشن تیزکردیاگیا ہے اور پنجاب پولیس کے تازہ دم دستے بھی کچے میں پہنچ گئے ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایاگیا کہ آپریشن کے دوران 3شرپسند مارے گئے، 8 زخمی ہوئے جبکہ 46 کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور قابل سکھانی گینگ کے گرد گھیرا تنگ کرکے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے ۔کلیئر کرائے گئے علاقے میں پولیس کی چوکیاں بھی قائم کردی گئی ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پولیس آپریشن میں کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں کی جرأت کو سراہا ۔انہوںنے کہا کہ آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اورجوانوں کی بہادری اورجذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کچے کے علاقے میں شرپسندوں کا مکمل خاتمہ کرکے پائیدار امن قائم کیا جائے گا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے علاقے میں سڑکوں اورپلوں کی تعمیرومرمت و بحالی کیلئے پلان طلب کرلیاہے۔چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ایڈیشنل آئی جی سائوتھ پنجاب، ڈیرہ غازی خان و بہاولپور ڈویژن کے کمشنرز و آرپی اوز،رحیم یار خان ،ڈیرہ غازی خان ،راجن پورکے ڈی پی اوز کی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close