راولپنڈی ( آئی این پی)سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے عید الفطر کے حوالے سے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا۔چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ڈیوٹی آفیسر ہیڈ کواٹر نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران شہریوں کوبہترین ٹریفک سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے منظم اور جامع ٹریفک پلان مرتب کر لیا ۔
عید الفطر کے دوران ٹریفک پولیس کے 1100سے زائد اہلکار خصوصی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے ۔ون ویلنگ کی روک تھام ، پارکوں اور سیاحتی مقام مری کیلئے اضافی نفری تعینات کے ساتھ خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ۔تفریحی و سیاحتی مقام مری میں سیاحوں کی سہولت اور ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی کیلئے 260 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں مری جانے والے تمام داخلی واندرونی راستوں پرخصوصی چیکنگ پکٹس قائم کی جائیں گئیں ۔حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفر کیلئے صرف لائسنسں ہولڈر ڈرائیورزکو داخلہ کی اجازت دی جائے گی جبکہ ہیلمٹ کی پابندی پر بھی مکمل عملد رآمد کروایا جائے گا۔ پبلک سروس گاڑیوں کے پاس مکمل فٹنس سر ٹیفکیٹ اور سپیشل پرمٹ کے بعد مری میں داخلہ کی اجازت دی جائے گی۔ عید الفطر کے تہوار کوپر امن اور خوشگوار بنانے کیلئے سکیورٹی کے پیش نظر کالے شیشے،بغیر رجسٹریشن، غیر نمونہ نمبر پلیٹ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر نظر رکھتے ہوئے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔سی ٹی او راولپنڈی تیمور خان کا مزید کہنا تھا کہ عید الفطر اور ہر خاص دنوں میں ٹریفک پولیس کے یہ افسران و جوان اپنے گھروں اپنے پیاروں سے دورآپکی سہولت کیلئے شاہراہوں پر ڈیوٹی سر انجام دیں گے تا کہ آپ اپنی عید اپنے پیاروں کے ساتھ گزار سکیں لہذا آپ سے گزارش ہے کہ دوران ڈرائیونگ قانون کا احترام کریں اور انکی طرف سے دی گئی سفری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنے سفر کو محفوظ اور خوشگوار بنائیں۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں