ایف آئی اے نے اقلیتوں کی ملکیت 25 ارب روپے کی اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرا لی

راولپنڈی ( آئی این پی)ایف آئی اے نے تجاوزات / ناجائز قابضین سے 25 ارب روپے کی اراضی واگزار کرا لی۔ایف آئی اے ترجمان کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان اور ڈاکٹر شعیب سڈل کمیشن کے حکم پر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن حسن بٹ نے متروکہ وقف املاک بورڈ حکومت پاکستان کی بیشتر جائیدادوں پر قبضہ کرنے والوں/غیر قانونی قابضین کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

یہ جائیدادیں مذہبی اقلیتوں کی امانتیں تھیں جن پر گزشتہ چند دہائیوں سے تجاوزات اور قبضہ مافیا نے ناجائز قبضہ کر رکھا تھا ہے۔ایف آئی اے کی جانب سے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اینٹی کرپشن ونگ بشارت محمود شہزاد اور ثاقب سلطان ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ونگ کی سربراہی میں مہم شروع کی گئی تھی۔ جس کا مقصد ای ٹی پی بی کی غیر قانونی تجاوزات/قبضہ شدہ جائیدادوں کو واپس لینا اور ای ٹی پی بی کے ڈیفالٹرز سے بقایا جات کی وصولی کرنا تھا۔اینٹی کرپشن ونگ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں متروکہ املاک بورڈ، ڈاکٹر شعیب سڈل کمیشن اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بہترین اقدامات کرتے ہوئے اپنی تفویض کردہ ڈیوٹی کو احسن طریقے سے نبھایا اور جائیدادوں کی بازیابی/ واجبات کی وصولی میں قابل ستائش نتائج حاصل کیے جس کی ایف آئی اے کی 47 سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔اس مہم کے دوران، ایف آئی اے نے کامیابی کے ساتھ 3574 ایکڑ، 05 کنال اور 08 مرلہ اربن/زرعی جائیداد ریکور کی جس کی تخمینہ مالیت PKR 24929.193 ملین (25 ارب روپے) تھی اور ETPB کے حوالے کر دی۔ اسی طرح، PKR 703.202 ملین کا بقایا کرایہ / واجبات بھی FIA نے ETPB جائیدادوں کے نادہندگان سے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔ڈاکٹر شعیب سڈل کمیشن نے ایف آئی اے اور خاص طور پر ان افسران کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے ای ٹی پی بی کی نشاندہی شدہ اراضی اور بقایا رقم کی واپسی اور وصولی میں اہم کردار ادا کیا اور مزید سفارش کی کہ ان افسران کو انمول خدمات انجام دینے پر پاکستان سول ایوارڈز کے لیے نامزد کیا جائے۔ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن حسن بٹ نے بھی ان افسران کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے ای ٹی پی بی کی جائیدادوں کی بازیافت/ بقایا جات کی وصولی کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دی ہیں اور 05 افسران کو پاکستان سول ایوارڈ-2023 کے لیے نامزد کیا ہے۔ڈی جی ایف آئی اے نے فیلڈ افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کی بھی ہدایت کی ۔ جو ای ٹی پی بی مہم کا لازمی حصہ بھی رہے ہیں اور ای ٹی پی بی کی جائیدادوں کی بازیافت / واجبات / کرایہ کی وصولی کے کاموں کو کامیابی سے مکمل کیا ہے جو انہیں تفویض کیے گئے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں