راولپنڈی، ڈاکوؤں کی محافظ سکواڈ پر فائرنگ، ہیڈ کانسٹیبل زخمی‘ ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا

راولپنڈی (آئی این پی)پیرودھائی کے علاقہ میں رات گئے 3 ڈاکوؤں نے محافظ سکواڈ پر فائرنگ کی جس سے ہیڈ کانسٹیبل فیصل رفیق زخمی ہوئے جب کہ فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو زخمی ہوا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعات کے مطابق پیرودھائی کے علاقہ میں تین افراد کو محافظ ٹیم نے رکنے کا اشارہ کیا جنہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل فیصل رفیق زخمی ہوئے،

فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو زخمی ہوا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا،02 ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرارہوئے، ہلاک ڈاکو کی شناخت ابتدائی طور پر محمد خان کے نام سے ہوئی ہے، زخمی ہیڈ کانسٹیبل کو علاج معالجہ اور ہلاک ملزم کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے،جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے گئے ہیں، سی پی او سید خالد محمود ہمدانی، ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن(ر)محمد عامر خان نیازی، ایس پی راول اور ڈی ایس پی سٹی نے ہسپتال میں زخمی ہیڈ کانسٹیبل فیصل کی عیادت کی اور جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، ملزمان کی فائرنگ کے باوجود ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے ہیڈ کانسٹیبل فیصل، ایس پی راول، ایس ڈی پی او سٹی اور پیرودھائی پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ متحرک جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سینہ سپر فیصل رفیق جیسے افسران و جوان محکمہ کا اثاثہ ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close