بادشاہی مسجد کی تزئین وآرائش و بحالی کا پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور(آئی این پی)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر بادشاہی مسجد کی تزئین وآرائش و بحالی کا پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی،آغاخان فاؤنڈیشن اور دیگر اداروں کے اشتراک سے بادشاہی مسجد کی بحالی وتزئین وآرائش کا پراجیکٹ مکمل کیاجائے گا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے امور کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں بادشاہی مسجد اور دیگر تاریخی مقامات کی تزئین و آرائش اور بحالی کے پراجیکٹس پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں شالامار باغ، مقبرہ جہانگیرو مقبرہ نورجہاں کو بھی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے زیر انتظام کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بادشاہی مسجدلاہو ر کی پہچان اور شناخت بن چکی ہے۔ بادشاہی مسجد کو اصل حالت میں بحال اور عمارت کے دیگر حصوں کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔ بادشاہی مسجد کی بحالی و تزئین و آرائش کے لئے درکار فنڈ مہیا کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال سے بادامی باغ تک بحالی کا پراجیکٹ 22ملین یورو کی لاگت سے مکمل کیاجائے گا۔ شاہی قلعہ کے 24تاریخی مقامات میں سے 15پر بحالی کا کام تکمیل کے قریب ہے۔بارودخانہ مطبخ کی بحالی سیاحوں کے لئے دلکشی کا باعث بن رہی ہے ۔ صوبائی وزراء ابراہیم مراد، سید اظفر علی ناصر، چیف سیکرٹری، ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی، کمشنر لاہور، متعلقہ سیکرٹریز، مولانا عبدالخبیر آزاد اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close