معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں بنانے والا یونٹ پکڑا گیا، 3 ہزار خالی بوتلیں برآمد، مشینری ضبط کر لی گئی

لاہور (آئی این پی) معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں بنانے والا یونٹ پکڑا گیا۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے برکی روڈ کمبوہ فارم ہائوس کے قریب جعلساز مافیا کے خلاف آپریشن کر کے جعلی بوتلیں تلف کر دیں ، 3 ہزار ملٹی نیشنل برانڈز کی خالی بوتلیں، مصنوعی فلیورز، جعلی پیکنگ میٹریل اور مشینری ضبط کرلی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے بتایا کہ جعل سازی کرنے پر مالکان کیخلاف متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج کروادی گئی،لاہور کی آپریشن ٹیموں نے ریکی کر کے یونٹ کا پتہ لگایا۔

کارروائی کے دوران ملٹی نیشنل برانڈز کی بوتلیں، ڈھکن اور لیبلنگ برآمد کی گئیں،منافع خور ممنوعہ اجزا کے استعمال سے معروف برانڈز کی بوتلیں تیار کر رہے تھے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ مضر صحت کاربونیٹڈ ڈرنکس جعلی لیبلنگ لگا کر گلی محلوں اور چھوٹے فوڈپوائنٹس پر سپلائی کی جانی تھیں،عوام سے گزار ش ہے کہ گردونواح میں جعلی فیکٹریوں سے متعلق فوڈاتھارٹی کو آگاہ کریں۔ صحت دشمن عناصر کیخلاف فیس بک ایپلی کیشن، ہیلپ لائن نمبر 1223 پر شکایات درج کروائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close