ماں کو 4 بچوں سمیت دریا میں کودنے سے بچا نے والے پولیس اہلکار کو کیا ملا؟

مظفرگڑھ(آئی این پی) علی پور میں خاتون نے 4 بچوں سمیت ہیڈ پنجند میں چھلانگ لگانے کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق ڈیوٹی پر موجود پولیس کانسٹیبل نے خاتون اور بچوں کو ہیڈ پنجند میں کودنے سے بچا لیا۔خاتون نے پولیس کو بیان دیا کہ شوہر نے دوسری شادی کر رکھی ہے اور وہ اسے خرچ نہیں دیتا جس پر انتہائی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون اور بچوں کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈی پی او صفدر کاظمی نے کانسٹیبل عبید اللہ کے لیے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔خیال رہے کہ پنجند پنجاب میں ضلع بہاولپور کے انتہائی آخر میں ایک دریا ہے، دریائے پنجند پر پنجاب کے دریا یعنی دریائے جہلم، دریائے چناب، دریائے راوی، دریائے بیاس اور دریائے ستلج کے پانچ دریاوں کا سنگم قائم ہوتا ہے۔جہلم اور راوی چناب میں شامل ہوتے ہیں، بیاس ستلج میں شامل ہوتا ہے اور پھر ستلج اور چناب ضلع بہاولپور سے 10 میل دور شمال میں اچ شریف کے مقام پر مل کر دریائے پنجند بناتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close