گوجرانوالہ بار کے وکلاء کی عمران خان سے ملاقات، پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان

لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے صدر ضلع گوجرانوالہ بار چوہدری پرویز عابد ہرل نے ساتھیوں سمیت ملاقات کر کے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ، سابق صدر سرگودھا بار رانا ظفر یاسین ،ضمیر حسین شیرازی، ملک شفقت اعوان سمیت دیگر وکلا نے بھی عمران خان سے ملاقات کر کے حقیقی آزادی کیلئے جدوجہد اور جیل بھرو تحریک میں بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا ۔

پارٹی کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے وکلا رہنمائوں کے ہمراہ زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کا ہر طبقہ عمران خان پر اعتماد کا اظہار کر رہا ہے ۔ وکلا نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی اورآئین کی بالا دستی کے لئے حقیقی آزادی کی جدوجہد میں تحریک انصاف کے شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات میں یہ طے پایا ہے کہ اگر امپورٹڈ ٹولہ 90روز کے اندر انتخابات کے انعقاد کو یقینی نہیں بناتا تو وکلا برادری ملک گیر تحریک چلائے گی اور اس کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہو گی ، آئین کی بالا دستی نہیں ہو گی کوئی بھی حقیقی آزاد کا خواب نہ دیکھے ۔وکلا برادری جیل بھرو تحریک میں ہم سے بھی زیادہ متحرک ہیں اور میں حقیقی آزادی والا نیا پاکستان دیکھ رہی ہوں ۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں جو گھٹن محسوس ہو رہی ہے اس میں حقیقی آزادی نا گزیر ہو گئی ہے اور اس کے لئے پہلا اقدام انتخابات کا انعقاد ہے ، پاکستان کا آئین ایک گھنٹہ بھی اجازت نہیں دیتا کہ انتخابات تاخیر کا شکار ہوں ۔ہم آئینی طریقے سے تحریک چلائیں گے اور انہیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے ۔

اگر یہ مقررہ وقت پر انتخابات نہیں کراتے تو آرٹیکل چھ کے اثرات کیا ہوں گے سب اس سے آگاہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب جو مارچز ہیں ہوں گے ہم امپورٹڈ ٹولے کو آگے لگا کر بھگائیں گے ۔چوہدری پرویز عابد ہرل نے کہا کہ عمران خان سے وعدہ ہے کہ آئین کے لئے اورملک کو بچانے کے لئے ہر ممکن جدوجہد کریں گے ، ہماری تحریک اس کے لئے ہوگی کہ ملک میں بروقت انتخابات ہوں گے اور اگر ایسا نہ ہوا تو تمام وکلا سراپا احتجاج ہوںگے ،وکلا نے پہلے بھی آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور آئندہ بھی اس سے گریز نہیں کرینگے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close