پنجاب نگران کابینہ کا پہلا پیپر لیس اجلاس، ہر اجلاس پر اٹھنے والے 15 لاکھ روپے اخراجات کی بچت ہوگی

لاہور(آئی این پی)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں پولیس شہداء کے ورثاء کی مالی امداد کیلئے ایک ارب روپے کی گرانٹ کے اجراء کی منظوری دی گئی۔اجلاس میںآٹے کو ضروری اجناس کی کیٹگری میں شامل کرنے کا فیصلہ کیاگیااورپنجاب پری وینشن آف سپیکولیشن برائے اسنشیئل کموڈیٹی ایکٹ 2021 کے شیڈول میں آٹے کو شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے آٹا پر ٹارگٹڈ سبسڈی کا فول پروف طریقہ کار وضع کرنے کیلئے سفارشات طلب کرتے ہوئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔ کابینہ نے پاسکو سے گندم خریدنے کے فیصلے کی منظوری بھی دی۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گندم خریداری مہم کے دوران میرٹ پرایماندار افسرتعینات کرنے کی ہدایت کی ۔اجلاس میں سی پیک کے تحت کارپوریٹ فارمنگ کے لئے قواعد و ضوابط کی باضابطہ منظوری دی گئی۔پنجاب کے 5 اضلاع میں ایک لاکھ 27 ہزار ایکڑ اراضی فارمنگ کیلئے مہیا ہوگی۔کارپوریٹ فارمنگ سے زرعی تحقیق، فوڈ سکیورٹی، فاریسٹ اور لائیوسٹاک ریسرچ میں مدد ملے گی۔کارپوریٹ فارمنگ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ 30 سال تک زمین دی جاسکے گی۔کارپوریٹ فارمنگ کیلئے زمین حاصل کرنے والو ںکو مالکانہ حقوق نہیں ملیں گے۔نگران کابینہ نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل نو کی منظوری دی ۔ڈاکٹر سعید اختر بورڈ آف گورنر ز کے سربراہ ہوںگے۔نگران وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء کو پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت اورذخیرہ اندوزی کے سدباب کیلئے دورے کرنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں فوڈ ڈیپارٹمنٹ میں میرٹ یقینی بنانے کیلئے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتیاں کرنے اورسرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تعیناتی کے لئے نئی سرچ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔

صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ پنجاب کے سٹاف کے کنٹریکٹ پیریڈ میں توسیع اورپلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ سے ملحق ڈیپارٹمنٹ اور خود مختار باڈیز میں سیاسی تعیناتیوں کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ آفٹر نون سکول پروگرام سٹاف کو تعلیمی سال برائے 2020-21 کے اعزازیہ کی ادائیگی کیلئے ختم شدہ فنڈز کی بحالی کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب میں نئے انتظامی یونٹس میںبھرتیوں کے عمل کو موخر کرنے کا جائزہ لیاگیا۔نگران وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کیبنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت صوبائی کابینہ کا پہلا پیپرلیس اجلاس ہوا،جس میں پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ٹیبلٹ کے ذریعے میٹنگ کا ایجنڈا پیش کیا گیا۔کابینہ کے آئندہ اجلاس کا ایجنڈا CMIS کے تحت آن لائن ایشو اور سرکولیٹ ہوگا۔کابینہ کے ہر اجلاس پر اٹھنے والے 15 لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔نگران صوبائی وزرائ،چیف سیکرٹری پنجاب،انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں