حد نگاہ میں کمی، مختلف مقامات پر موٹرویز ٹریفک کیلئے بند

لاہور(آئی این پی)حد نگاہ میں کمی کے باعث مختلف مقامات پر موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند، جبکہ ملتان میں دھند کے باعث انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا،ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق لاہور ملتان موٹروے فیض پور سے رجانہ، موٹر وے ایم فائیو شیر شاہ سے اچ شریف تک، لاہور اسلام آباد موٹروے ٹھوکر سے کوٹ سرور تک بند کر دی گئی ہے،

لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی دھند کی وجہ سے بند ہے،موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق حد نگاہ میں کمی کے باعث لاہور اسلام آباد موٹروے پر بڑی گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے، ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا تھا کہ موٹرویز عوام کی حفاظت کے پیش نظر بند کی جاتی ہیں، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سفر سے پہلے ہیلپ لائن 130، ٹویٹر سے رہنمائی لی جا سکتی ہے،قبولہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ صفر رہ گئی، دھند کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، حد نگاہ صفر ہو جانے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے، اندرون شہر بھی دھند کے باعث آمد و رفت شدید متاثر ہے، ترجمان پٹرولنگ پولیس نے ہدایت کی ہے کہ ہائی وے پر گاڑیوں کی رفتار کم رکھی جائے،دوسری جانب ملتان میں دھند کے باعث انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا، دبئی سے آنے والی قومی ائیرلائن کی پرواز اسلام آباد ڈائیورٹ کر دی گئی، کراچی آنے اور جانے والی دو پروازیں منسوخ کر دی گئیں،ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق شارجہ جانے والی قومی ائیرلائن کی پرواز منسوخ، جبکہ دبئی اور مدینہ جانے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، ملتان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث فلائٹ آپریشن معطل ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close