مدرسے سے بھاگ جانے والا بچہ والدین کے حوالے کر دیا گیا

اسلام آباد(آئی این پی)موٹر وے پولیس کی کارروائیاں جاری۔ مدرسے سے بھاگ جانے والا بچہ والدین کے حوالے جبکہ چوری ہو جانے والی سرکاری گاڑی چکری کے قریب برآمد۔تفصیلات کے مطابق E-35 ایکسپریس ویپر حویلیاں ٹول پلازہ کے قریب موٹر وے پولیس افسران نے ایک بچہ جس کی عمر تقریبا 10 برس تھی پریشان حال دیکھا۔ پوچھ گچھ کرنے پر پتہ چلا کہ بچہ مدرسے میں زیر تعلیم تھا اور کچھ بچوں کے تنگ کرنے کی وجہ سے مدرسے سے فرار ہو کر راولپنڈی کی جانب جا رہا تھا۔

اس صورتحال کے پیش نظر موٹروے پولیس نے بچے کو حفاظتی تحویل میں لے کر اس کے والدین کو اطلاع دی۔ بعد ازاں بچہ باحفاظت گھر والوں کے حوالے کر دیا گیا۔ایک اور کارروائی کے دوران موٹروے ایم ٹو اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب دوران پٹرولنگ لاوارث حالت میں ایک کیری وین پائی گئی شک کی بنیاد پر گاڑی کو چیک کرنے پر پتہ چلا کہ مذکورہ گاڑی سرکاری محکمے کی ہے اور اسلام آباد کے علاقہ سپر مارکیٹ سے چوری شدہ ہے لہٰذا گاڑی کو قبضے میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ملزمان کی تلاش جاری۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں