لاہور،ذہنی معذور 10 سالہ بچی ریپ کا شکار بن گئی

لاہور (آئی این پی )لاہور کنٹونمنٹ کے علاقے بستی چراغ شاہ میں نامعلوم ملزم نے ذہنی طور پر معذور بچی کو مبینہ طور پر ریپ کا نشانہ بنا دیا۔متاثرہ بچی کے والد نے ساتھ کینٹ پولیس لاہور میں ضابطہ فوجداری کے سیکشن 376 (جنسی زیادتی کی سزا)کے تحت مقدمہ درج کروایا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ایفآئی آر کے حوالے سے کہاگیاہے کہ 10 سالہ ذہنی معذور بچی پیر کے روز گھر سے باہر گئی اور تقریبا 1 بجکر 30 منٹ پر گھر واپس آئی جس کے کپڑوں پر خون کے دھبے دیکھے گئے۔

متاثرہ بچی کے والد نے ایف آئی آر میں بتایا کہ میری بہن نے بچی کو نہلایا اور مجھے بتایا کہ بچی کو کسی نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔متاثرہ بچی کے والد نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔دوسری جانب لاہور کیپیٹل سٹی پولیس افسر(سی سی پی او)وسیم ڈوگر نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ بچی کا طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔سی سی پی او نے کہا کہ ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اس حوالے سے جینڈر کرائم سیل کی ٹیمیں جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close