نویں جماعت کے نصاب میں ” ترجمتہ القرآن ” کو بطور لازمی مضمون شامل کرلیا گیا، کونسی کتاب نصاب میں شامل؟

فیصل آباد (آئی این پی)فیصل آباد امسال امتحان میٹرک کلاس نہم سالانہ 2023ء کے طلباء وطالبات کو ”ترجمتہ القرآن ”کے مضمون کا اضافی امتحان بھی دیناہوگا جس کی منظوری پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے بعد پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین نے بھی دیدی سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر سلیم تقی شاہ کے مطابق پی بی سی سی نے 13 دسمبر 2021ء کو ہونے والی اپنی میٹنگ میں ”ترجمتہ القرآن” کو بطور لازمی مضمون شامل کرنے کی منظوری دی تھی

جس کے تناظر میں فیصل آباد تعلیمی بورڈ نے بھی پنجاب کے دیگر تعلیمی بورڈز کی طرح تعلیمی سیشن 2022-24 ء میں جماعت نہم میں ”ترجمتہ القرآن” کو بطور لازمی مضمون شامل کر لیا ہے۔ انہوں نے تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان سے کہا ہے کہ وہ اپنے تعلیمی اداروں میں رجسٹرڈ ہونے والے کلاس نہم کے طلباء وطالبات کو پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی ویب سائیٹ www.pctb.punjab.gov.pk پر موجود نصاب کے مطابق قرآن مجید کے ترجمہ کی تدریس کا عمل شروع کروائیں کیونکہ اس سال امتحان میٹرک سالانہ 2023ء کے طلباء وطالبات سے ”ترجمتہ القرآن” کے مضمون کا بھی امتحان لیا جائے گا جبکہ غیرمسلم طلباء وطالبات ”ترجمتہ القرآن” کے متبادل کے طور پر”اخلاقیات” (Ethics) کا امتحان دیں گے۔ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے کہا کہ اس سلسلہ میں اگر کسی کو معلومات درکارہوں تو وہ ایجوکیشن بورڈفیصل آباد کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk سے رہنمائی حاصل کرسکتا ہے۔علاوہ ازیں طلباء وطالبات اور ان کے تعلیمی اداروں کی سہولت کے پیش نظر پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی طرف سے ”ترجمتہ القرآن” کی جماعت اول تا گیارہویں جماعت تک کیلئے جن درسی کتب اور بک ڈویپلرز کی کتب کو موزوں قرار دیتے ہوئے منظوری دی گئی ہے

ان میں جماعت اول کیلئے”تجویدی قاعدہ” ضیاء القرآن پبلیکیشنز’ جماعت ششم کیلئے”ترجمتہ القرآن المجید” گولڈن بک کمپنی’ جماعت ہفتم کیلئے ”ترجمتہ القرآن المجید” چوہدری غلام رسول اینڈ سنز’ جماعت ہشتم کیلئے ”ترجمتہ القرآن ” الفیصل ناشران’ جماعت نہم کیلئے”ترجمتہ القرآن المجید” علی برادران اور گیارہویں جماعت کیلئے ”ترجمتہ القرآن المجید” جدید ایجوکیشنل سروسز شامل ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close