کاروباری مارکیٹوں اور بازاروں میں تجاوزات مافیا کا راج

راولپنڈی(آئی این پی)اندرون شہر کاروباری مارکیٹوں اور بازاروں میںتجاوزات مافیا کا راج قائم ہوگیا،خریداروں بالخصوص خواتین کا پیدل چلنا بھی مشکل ہوگیا،تجاوزات مافیا نے فٹ پاتھوں پر بھی قبضہ کرکے ٹھیلے لگالیئے،گھنٹوں ٹریفک جام معمول بن گیا،میونسپل حکام نے آنکھیں بند کرلیں،شہریوں نے کمشنر راولپنڈی و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سے سخت نوٹس لیکر تجاوزات کیخلاف فوری آپریشن کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اندرون شہر اقبال روڈ،چائنہ مارکیٹ،لیاقت روڈ،باڑہ مارکیٹ،بازار تلواڑاں،اردو بازار،بوہڑ بازار،بھابھڑہ بازار،صرافہ بازار، جامعہ مسجد روڈاور پرانا قلعہ سمیت دیگر کاروباری مارکیٹوں اور بازاروں میںتجاوزات مافیا کا راج قائم ہوگیاہے،ٹھیلہ وریڑھی بانوں اور چھابڑی فروشوں نے اندرون شہر فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قبضے جمالیئے ہیں،دکانوں کے سامنے موٹر سائیکلوں کی لمبی لمبی لائنیں لگی ہوتی ہیں جن کے آگے گاڑیاں بھی کھڑی کردی جاتی ہیں،بیرونی علاقوں اور مضافات سے شہر میںخریداری کیلئے آنیوالوںکو سخت مشکلات پیش آتی ہیں،گھنٹوںٹریفک جام معمول بن گیا ہے جس کی وجہ سے مردوں باالخصوص خواتین کا پیدل چلنا بھی عذاب بن گیا ہے، میونسپل کارپوریشن کے شعبہ تجاوزات کے عملہ نے چپ سادھ رکھی ہے، چند کرپٹ اہلکار لمبی لمبی دیہاڑیاں لگارہے ہیں لیکن انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، شہریوں غلام مصطفے،حسیب احمد،ولایت حسین،کمال شاہ اور رب نواز نیازی نے کمشنر راولپنڈی نورالامین مینگل سے تجاوزات کیخلاف سخت آپریشن کرنے اور کرپٹ اہلکاروں کیخلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں