این اے50 میں زلفی بخاری کا نام و نشان بھی نہیں، جو ایک کونسلر نہیں بن سکتا اس کو عمران خان نے سپیشل اسسٹنٹ بنائے رکھا، اٹک سےامیدوار قومی اسمبلی ایمان طاہر کی پریس کانفرنس

اٹک (آئی این پی) امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 50ایمان طاہر نے کہا ہے کہ عمران خان کو گھوڑے اور گدھے کا فرق کرنا ہے، زلفی بخاری جب تک برٹش پاسپورٹ کینسل نہی کراتے انہیں خود کو امیدوار ہی ظاہر نہیں کرنا چاہئے، وہ برطانوی شہری ہیں، ان کا این اے پچاس میں نہ گھر ہے، نہ ان کا ووٹ رجسٹر ہے، نہ وہاں ان کا گروپ یا دھڑہ ہے۔زلفی بخاری کو عمران خان کے پیروں میں بیٹھ کر ساری زندگی شکر گزار ہونا چاہئے کہ جو ایک کونسلر نہیں بن سکتا اس کو خان صاحب نے اپنا سپیشل اسسٹنٹ بنائے رکھا۔

این اے 50 میں زلفی بخاری کا نام و نشان بھی نہیں ہے،خود زلفی بخاری کو بھی کنفرم ہے کہ کس کی ٹکٹ کنفرم ہے،ان کا پورا کیمپ جس دباؤ، پریشانی اور ذہنی کیفیت کا شکار ہے اس کو سمجھنے کیلئے کافی ہے کہ ٹکٹ کس کا کنفرم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے میڈیا کوآرڈینیٹر محمد بلال بھی موجود تھے۔ صحافیوں کے سوالات کے جوابات میں انہوں نے مزید کہا کہ زلفی بخاری غیر سنجیدہ شخص ہیں، اصل میں وہ ابھی باتیں کرنا سیکھ رہے ہیں، انہیں تو بات کرنا بھی نہ آتی، وہ جنڈ کے سادہ اور شریف لوگوں کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔

ایمان طاہر نے کہا کہ ہمارے خاندان نے کبھی سیاست میں مذہب یا کسی فرقے کو نہیں لایا۔ ضلع اٹک کے اخلاقی اور مذہبی لحاظ سے جس خاندان نے جو کچھ کیا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے، سیاست میں سیاسی بات کریں گے مذہب کو درمیان میں نہیں لائیں گے اورپرامن ماحول کو خراب نہیں ہونے دیں گے، میجر طاہر صادق ختم نبوت کے سب سے بڑے پہرے دار ہیں۔ایک سوال پر ایمان طاہر نے کہا کہ ہم نے ماضی میں ملک خرم علی خان کی مخالفت نہیں کی،

وہ غلط فیصلے، میرٹ اور ناانصافی کے خلاف عوامی ری ایکشن تھا۔ایمان طاہر نے کہا کہ ملک خرم خان کو ٹکٹ دلانے والوں کے منہ پر زوردار تھپڑ ہے جس کی گونج انہیں ساری عمر یاد رہے گی کہ میجر طاہر صادق کی سیاست ختم کرنے اور ان کو نیچا دکھانے کیلئے ایک بندے کو لانچ کیاگیا اور سوچی سمجھی سازش کی جو کھل کر بے نقاب ہو گئی اور جس شخص کو زلفی بخاری نے اپنے ہاتھ سے ٹکٹ دیا آج وہ بھی کہہ رہا ہے کہ ضلع اٹک میں میجر طاہر صادق کے بغیر کامیابی حاصل نہیں کر سکتے اور میں ان کی سپورٹ کا اعلان کرتا ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close