فیصل آباد (آئی این پی)این ڈی ایم اے کی طرف سے ماہ جولائی اور عید الاضحی پر مون سون کی معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشنگوئی کے پیش نظر فیسکو چیف بشیراحمد نے آپریشن سٹاف اور افسران کی خصوصی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں۔ آپریشن سٹاف اور افسران کی چھٹیاں منسوخ اور سٹیشن نہ چھوڑنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں فیسکو ہیڈکوارٹرز میں خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا ہے جس کی براہ راست نگرانی چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئر بشیراحمد کررہے ہیں جبکہ شعبہ کنسٹرکشن کے مختلف گینگزکی ڈیوٹیاں پانچوں آپریشن سرکل کی مختلف ڈویژنوں میں لگا دی گئی ہیں۔
شعبہ کنسٹرکشن اور جی ایس سی کی کرینیں بھی ہنگامی صورتحال میں آپریشن میں فرائض کی انجام دہی کریں گی۔ سب ڈویژنوں کومختلف نوعیت کا سامان، ٹرانسفارمر ٹرالیاں اور حفاظتی آلات مہیا کر دیئے گئے ہیں۔ ہنگامی بنیادوں پر ہر سرکل کے ایس ایز کی زیرنگرانی تقسیمی ٹرانسفارمروں کی بیلنسنگ کی جا رہی ہے تاکہ ٹرانسفارمر خراب اور جلنے کے واقعات میں کمی ہوں کیونکہ ٹرانسفارمر خرابی کی صورت میں صارفین کو سپلائی بحال ہونے کیلئے انتظار کر نا پڑتا ہے۔ آپریشن سٹاف کو بارشوں کے دوران بجلی بحالی کے کاموں میں حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھ کر کام کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ چیف ایگزیکٹو انجنئیر بشیراحمد نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران خود کو اور بچوں کو بجلی کے کھمبوں اور لائنوں سے دور رکھیں۔صارفین قربانی کے جانوروں کو بجلی کے کھمبوں / ڈھانچوں / ٹاور اور سٹے وائر کے ساتھ یا قریب نہ باندھیں تا کہ کرنٹ لگنے سے محفوظ رہیں۔بجلی کی لائنوں کے ساتھ منسلک کسی بھی شے کو چھونے یا اسے ہٹانے کی کوشش نہ کریں بلکہ اس کام میں مدد کیلئے اپنے متعلقہ فیسکودفتر میں اطلاع کریں۔اگر بجلی کی لائنیں نیچے گرجائیں یا بجلی کے پول اور ٹرانسفارمرمیں کوئی خرابی پیدا ہوتوفورا118پر اطلاع کریں۔صارفین اپنی بجلی سے متعلقہ شکایات کا اندراج فیسکو انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ٹوئٹراکاؤنٹ پر بھی کر سکتے ہیں۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں