کسی مظلوم کیلئے کوئی عدالت نہیں، میں اپنا مقدمہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑتا ہوں ، پرویز الٰہی کی میڈیا ٹاک

لاہور(آئی این پی ) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے ایماء پر مجھ پر بہیمانہ تشدد کروایا گیا، تشدد سے میرا بازو توڑ دیا گیا، میں پیچھے سیٹ پر بیٹھا تھا لیکن ن لیگ کے غنڈوں نے وہاں پر آ کر مجھ پر تشدد کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حمزہ شہباز نے مجھے ٹارگٹ کر کے پلاننگ کے تحت حملہ کروایا۔ میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کس عدالت کے پاس جائوں، ان کے کہنے پر عدالتیں تو رات کو بھی کھل جاتی ہیں،

کسی مظلوم کیلئے کوئی عدالت نہیں، میں اپنا مقدمہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑتا ہوں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بطور سپیکر میں ہمیشہ اسمبلی میں ن لیگ کے ارکان کو برابری کی سطح پر موقع دیتا رہا، ن لیگ کے جیلوں میں بند رہنمائوں کیلئے پروڈکشن آرڈر جاری کرتا رہا، آج ان لوگوں نے میرے ساتھ کیا سلوک کیا ساری دنیا کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگی ارکان سہیل شوکت بٹ اور ملک وحید نے حمزہ شہباز کے کہنے پر مجھ پر حملہ کیا، یہ غنڈے اپنے گھر سے لے کر آئے ہیں، میں ابھی بھی سپیکر ہوں، میرے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا،

مجھ پر حملہ کرنے کیلئے آنے والے غنڈے حمزہ حمزہ کے نعرے لگاتے رہے۔ دریں اثناء سپیکر پنجاب اسمبلی کے میڈیا کوآرڈی نیٹر اقبال چودھری پر بھی کافی تشدد کیا گیا، وہ چودھری پرویزالٰہی کو بچاتے بچاتے ڈائس سے نیچے گر پڑے، چودھری اقبال پر لیگ کے غنڈوں کے حملے سے سر پر کافی گہرے زخم آئے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں