جتنی مرضی منڈیا ں لگا لیں، عثمان بزدار نے اپوزیشن کو چیلنج دے دیا

لاہور(آئی این پی) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہر مافیا کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہیں گے،شکست خوردہ عناصر کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی اور اپوزیشن کو پہلے کی طرح اس بار بھی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اراکین اسمبلی کی ملاقاتوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں لطاسب ستی،پیر مختار،محی الدین کھوسہ،سمیع اللہ چوہدری،سید رضا بخاری اور دیگر نے ملاقاتیں کیں۔ اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی اور ملک میں انارکی اورانتشار پیدا کرنے والے شرمندہ ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اورمتحد رہیں گے،اپوزیشن سیاسی افراتفری پیدا کرکے عوام کے روشن مستقبل سے کھیل رہی ہے۔

ترقی کے سفر کو روکنا اپوزیشن کا اولین ایجنڈا ہے اور عوام کی حمایت سے ایسے منفی ایجنڈے کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔ اپوزیشن کی جانب سے ذاتی ایجنڈے کوترجیح دینا خود غرضی کے مترادف ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے قوم کو سر اٹھا کر جینا سکھا دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن جتنی مرضی منڈیاں لگا لے، شکست پھر مخالفین کا مقدر ہے۔اپوزیشن کو کسی سطح پر بھی عوام کا اعتماد حاصل نہیں۔ اپوزیشن کی ہر سازش کی طرح تحریک عدم اعتماد بھی ناکامی سے دوچار ہوگی۔

ملاقاتوں میں سیاسی صورتحال اور حلقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف وہیپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ اور تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے رہنما اویس دریشک بھی اس موقع پر موجود تھے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close