فیصل آباد (آئی این پی)فیصل آباد چیمبر کے صدر عاطف منیر شیخ نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی تیاری کا عمل شروع ہو گیا ہے اس لئے ہر شعبہ کو اپنے اپنے سیکٹر سے متعلقہ بجٹ تجاویز کو جلد مکمل کر لینا چاہیے تاکہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اِن کو حتمی شکل دے کر وزارت خزانہ اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری کو ارسال
کر سکے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر کے صدر عاطف منیر شیخ نے فیصل آباد ڈائز اینڈ کیمیکلز مرچنٹس ایسوسی ایشن اور اس بارے میں قائمہ کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی
۔ انہوں نے شرکاء کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ چونکہ خود اُن کا تعلق بھی اس شعبہ سے ہے اس لئے وہ چاہتے ہیں کہ ڈائز اینڈ کیمیکلز بارے جامع بجٹ تجاویز تیار کی جائیں۔ تاکہ ان میں سے زیادہ سے زیادہ تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائز اینڈ کیمیکلز مرچنٹس ایسوسی ایشن نے اب تک فیصل آباد چیمبر کو پانچ صدر دیئے ہیں اس لئے آپ لوگوں کو چیمبر کی کارکردگی کو بڑھانے میں زیادہ متحرک اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ہر سیکٹر کے مسائل الگ ہوتے ہیں جن کی متعلقہ قائمہ کمیٹی نشاندہی کرتی ہے اور ان کی بنیاد پر صدر ان کو حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ جس شکل میں بھی ممکن ہو اپنی تجاویز کو حتمی شکل دے کر ہمیں بھجوا دیں تاکہ ان کو حکومتی فارمیٹ کے مطابق تیار کرکے وزارت خزانہ اور ایف پی سی سی آئی کو بھجوایا جا سکے۔ ڈائز اینڈ کیمیکلز امپورٹرز کو پوائنٹ آف سیل کے نوٹس ملنے کے بارے میں عاطف منیر شیخ نے کہا کہ یہ اہم اور فوری نوعیت کا مسئلہ ہے جس پر سومواریا منگل تک چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو سے بات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان سمیت دیگر مسئلوں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرایا جائے گا۔
اس سے قبل فیصل آباد ڈائز اینڈ کیمیکلز مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر جواد شفیق نے انڈسٹریل اور کمرشل امپورٹرز کے مسائل کی نشاندہی کی اور کہا کہ بجٹ تجاویز کو جلد حتمی شکل دے دیں گے تاکہ اس کو وفاقی بجٹ میں شامل کرایا جا سکے۔ اس سے قبل میٹنگ کے شرکاء نے اپنا اپنا تعارف کرایا۔ اس اجلاس میں بلال وحید شیخ، محمد رمضان، محمد عمر، نعمان بخاری، محمد طارق، اسامہ آفتاب، عمران بخاری، محمد افتخار، محمد ذیشان عمر اور نبیل احمد نے بھی شرکت کی اور مسائل کی نشاندہی کرنے کے علاوہ بجٹ تجاویز بھی پیش کیں۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں