لاہور(آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ محکمہ کھیل کابجٹ2ارب روپے سے بڑھا کر7ارب 34کروڑ روپے کردیاگیاہے اور پنجاب میں ساڑھے 3برس کے دوران 318نئی سپورٹس فسیلٹیز بنائی ہیں جبکہ 70برس کے دوران پنجاب میں صرف 300سپورٹس فسیلٹیز بنیں۔ ہماری حکومت نے مختصر مدت میں ان سپورٹس فسیلٹیز کو ڈبل کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کھلاڑیوں کو وظیفہ دینے کیلئے انصاف سپورٹس کارڈ کے اجراء کی تجویز پر غور کیا گیاانہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب کے دیہات میں 1400نئے گراؤنڈز بنائے جارہے ہیں۔دیہات میں 150نئے گراؤنڈز مکمل ہوچکے ہیں جبکہ رواں مالی برس 350مزیدنئے گراؤنڈز مکمل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 40تحصیلوں میں سپورٹس کمپلیکس بن رہے ہیں جبکہ 14تحصیلوں میں سپورٹس کمپلیکس مکمل ہوچکے ہیں۔
پنجاب میں 100جم بھی بنائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نشتر پارک میں ہاکی کا ہائی پرفارمنس سینٹر بن رہاہے۔30،30برس تک زیرالتواء سکواش کمپلیکس اورٹیبل ٹینس ایرینا کے منصوبوں پر کام شروع ہوچکا ہے۔ باکسنگ کلب اورشوٹنگ گیلری پر بھی کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں ہاکی، فٹبال،کبڈی اوردیگر کھیلوں کی لیگ کا انعقاد کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انصاف سپورٹس کارڈ کے اجراء کے حوالے سے جلد حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے اقدامات کریں گے۔ صوبائی وزیر کھیل نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات اورنئی گراؤنڈزپرپیش رفت سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر کھیل تیمور بھٹی، ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور،پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، سیکرٹری سپورٹس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں