ڈیر ہ اسماعیل خان(آئی این پی)ڈیرہ اسماعیل خان میں آٹھ فروری کے انتخابات کے حوالے سے مولانا فضل الرحمن کے مقابلے میں پیپلزپارٹی کی جانب سے سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی ،سابق ممبر صوبائی اسمبلی سردار فتح اللہ میانخیل، سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ سردار قیضار خان میانخیل ،مخدوم آفتاب شاہ اور سابق ضلعی ناظم اعلیٰ نوابزادہ عزیز اللہ خان علیزئی پر مشتمل اتحاد قائم ہوگیا،
اس حوالے سے ڈیرہ اسماعیل خان کے میانخیل ہائوس میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، پریس کانفرنس پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے سابق ممبر صوبائی اسمبلی سردار فتح اللہ میانخیل، سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ سردار قیضار خان میانخیل ،مخدوم آفتاب شاہ اور سابق ضلعی ناظم اعلیٰ نوابزادہ عزیز اللہ خان علیزئی، سابق ممبر صوبائی اسمبلی احمد کریم خان کنڈی ،فخر خان میانخیل ،فرحان افضل دھپ کے ہمراہ کی ، فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک میں آٹھ فروری کو انتخابات کے انعقاد کا خیر مقدم کرتی ہے، ہم امن و امان اور موسم کی وجہ سے الیکشن کا التواء نہیں چاہتے، آٹھ فروری کے حوالے سے ہم نے پیپلزپارٹی کی جانب سے اپنے پینل کے ساتھ مشترکہ پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 44ڈیرہ ون سے میں فیصل کریم کنڈی ، حلقہ این اے 45ڈیرہ ٹو سردار فتح اللہ میانخیل ، صوبائی اسمبلی کے حلقہ سٹی ٹو پر احمد کریم خان کنڈی ،صوبائی اسمبلی کے حلقہ پہاڑ پور پر مخدوم آفتاب شاہ ، پروآ کی صوبائی نشست پر سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ سردار قیضار خان میانخیل الیکشن میں حصہ لینگے، ڈیرہ شہر کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پر فیصلہ جلد اتفاق رائے سے کرلینگے، اسی طرح ضلع ٹانک کے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں پر بھی جلد اعلان کر دیا جائیگا، فیصل کریم خان کنڈی نے کہا کہ قیام امن کیلئے سیکورٹی فورسز نے قربانیاں دی ہیں ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کے تمام حلقوں پر اپنے متفقہ امیدوار میدان میں اتارے ہیں انشاء اللہ آٹھ فروری کا الیکشن ہم جیتیں گے ، واپڈا لوگوں پر مظالم ڈھا رہاہے، 40مقامی واپڈا اہلکاروں کو دوسرے اضلاع میں تبدیل کرکے زیادتی کی گئی ہے، ان کو واپس لایا جائے ، یوریا کھاد مقامی کاشتکاروں کو دستیاب نہیں ، کھاد ذخیرہ کی گئی ہے، انتظامیہ ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کاروائی کرے،ٹی ایم اے ڈیرہ اور واسا کے ملازمین اپنی تنخواہوں سے محروم ہیں ،
ان کی تنخواہیں دی جائیں ،الیکشن شیڈول کے آنے کے بعد ڈیرہ میں بی او جی کے چیئرمین اور ممبر کا اعلان کیا گیا ہے جو الیکشن کے قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے،سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کو پروٹوکول دیا جارہاہے، جبکہ دیگر سابق وزرائے اعظم کو پروٹوکول نہیں دیا جارہااس وجہ سے ہم کہہ سکتے ہیں کہ میاں نواز شریف اس ٹائم لاڈلا ہے، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45ڈیرہ ٹو سے امیدوار سردار فتح اللہ خان میانخیل نے کہا کہ ہم نے جب بھی اپنا اتحاد بنایا الیکشن میں ہمارے مخالفین کے حوصلے پست ہو جاتے ہیں ، سابقہ دور میں سابق وزیراعظم شہباز شریف تین بار مولانا فضل الرحمن کی دعوت پر سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے دورے کر چکے ہیں ان دوروں پر کثیر فنڈز خرچ کئے گئے لیکن سیلاب متاثرین آج بھی بے یار و مدد گارہیں ، ان سے اکائونٹس کھلوائے گئے ، لیکن ان کے اکائونٹس میں رقم نہیں دی گئی ، مولانا فضل الرحمن شہباز شریف سے ڈیرہ اسماعیل خان کے سیلاب متاثرین کیلئے کوئی امداد نہ لاسکے ، حالیہ سیلاب کی وجہ سے مقامی کاشتکاروں کے زرعی قرضے اب تک معاف نہیں ہوئے، سی آر بی سی نہر سیلاب کی وجہ سے متاثر ہونے سے مقامی کاشتکار گندم اور گنا کی فصل سے محروم چلے آرہے ہیں ہمارے مخالفین نے اسلام اور کتاب کے نام پر ہمیشہ عوام کو بے وقوف بنایا ، عوام اب باشعور ہے ، کبھی لوگوں کو کہا جاتاہے کہ ایک بھائی صدر دوسرا بھائی وزیراعلیٰ بن رہاہے عوام نے مولانا برادران کو مسترد کردیا ہے، گومل یونیورسٹی کو عبدالخیل بنا دیا گیاہے، وائس چانسلر کو مولانا برادران نوکریوں کیلئے خفیہ نام بھجوا رہے ہیں ،ان ناموں پر وائس چانسلر ان کے آرڈرز نکال رہے ہیں ، یہ تاثر غلط ہے، ہم عوام کی عدالت میں اس کیخلاف جارہے ہیں انشاء اللہ ڈیرہ کی عوام ہمارے پینل کے حق میں فیصلہ کرے گی ، پروآ سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر امیدوار سردار قیضار میانخیل نے کہاکہ آٹھ فروری کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے ہم نے اپنا گروپ تشکیل دے دیاہے، پیپلزپارٹی کے جھنڈے تلے الیکشن میں حصہ لینگے، اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں