بالاکوٹ، میڈیکل سٹور میں لاکھوں کی ڈکیتی، پولیس کا تھانے آ کر پہلے رپورٹ درج کرانے پر اصرار

بالاکوٹ (آئی این پی) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بالاکوٹ کے باہر واقع میڈیکل سٹور سے لاکھوں روپے کیش گن پوائنٹ پر لوٹ لی گئی، بروقت مطلع کرنے کے باوجود پولیس کا مجرم کو گرفتار کرنے کیلئے موقع پر پہنچنے کے بجائے متاثرین سے پہلے تھانے آ کر واقعہ کی رپورٹ درج کرنے پر اصرار۔ تفصیلات کے مطابق ایک شخص جس نے پی کیپ پہن رکھی تھی رات پونے بارہ بجے کے قریب تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے باہر واقع شاہ عالم میڈیکل سٹور پر آیا اور پیناڈول کی ٹیبلٹ طلب کی۔ میڈیکل سٹور مالک پیناڈول ٹیبلٹ نکالنے کیلئے جھکا اور جب واپس کھڑا ہوا تو مذکورہ شخص نے پستول تان رکھا تھا۔

ملزم نے میڈیکل سٹور مالک سے کہا کہ کیش نکال کر میرے حوالے کرو، اُس نے سامنے والے دراز سے نقدی نکال کر مذکورہ شخص کے حوالے کر دی جبکہ پچھلے دراز سے مسلح شخص نے از خود کیش نکالی جو کہ مجموعی طور دو سے سوا دو لاکھ روپے سے بنتی تھی۔مسلح شخص کیش لے کر ہسپتال کے سامنے واقع پہاڑی سے اوپر چلا گیا ۔ متاثرہ میڈیکل سٹور مالک کی جانب سے فوری طور پر ٹی ایچ کیو کے عملے کی مدد سے تھانہ بالاکوٹ جو کہ جائے وقوعہ سے محض چار سے پانچ منٹ کے فاصلے پر ہے کو مطلع کیا گیا اور بتایا کہ ملزم سامنے پہاڑی پر اوپر جا رہا ہے اور فوری کارروائی کر کے اسے گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ تاہم تھانہ بالاکوٹ کے عملہ کی جانب سے ایکشن لینے کے بجائے کہا گیا کہ آپ پہلے تھانہ آ کر رپورٹ کروائیں ، اس وقت متعلقہ افسران بھی موجود نہیں اور عملہ تھکا ہوا ہے، معاملہ پر صبح ہی کارروائی ہوگی۔ تھانہ عملہ کی نااہلی اور غیر ذمہ داری کے باعث مسلح شخص کیش کے ساتھ بغیر کسی رکاوٹ آرام سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ڈکیتی کے واقعہ اور پولیس کے رویے پر اہلیان علاقہ اور تاجر برادری خصوصاً میڈیکل سٹورز مالکان کی جانب سے سخت ردِ عمل سامنے آیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ بالاکوٹ ایک پُرامن علاقہ ہے جہاں اس طرح کے واقعات اس سے پہلے دیکھنے میں نہیں آئے۔ متاثرین کی جانب سے پولیس کے روپے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر پولیس بروقت کارروائی میں لاتی تو ملزم باآسانی گرفتار کیا جا سکتا تھا لیکن ایسا نہیں ہوا اور بروقت آگاہ کرنے کے باوجود تھانہ سے کوئی عملہ جائے وقوعہ پر نہیں پہنچا۔ اُنہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ پولیس کے غیر ذمہ دارانہ رویے کا نوٹس لیا جائے اور اُن کے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں