سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

سی ٹی ڈی لکی اور لکی مروت پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر برکت اللہ عرف برکتی عرف ابوذر کو ہلاک کر دیا۔

ترجمان لکی مروت پولیس کے مطابق کارروائی ضلع لکی کے علاقے وانڈہ امیر خان کے مضافات میں کی گئی، جس میں عوامی امن کمیٹیوں کے رضاکاروں نے بھی پولیس کے ساتھ حصہ لیا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی خصوصی ہدایات پر صوبے بھر میں دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز جاری ہیں۔

اسی سلسلے میں ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت نذیر خان (پی ایس پی) کی قیادت میں سی ٹی ڈی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز اور مقامی پولیس نے فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائی کی۔

آپریشن کے دوران دہشت گرد کمانڈر نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جس پر دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے نتیجے میں دہشت گرد کمانڈر موقع پر ہلاک ہو گیا۔

بعد ازاں سرچ آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گرد کی لاش اور اس کے زیر استعمال اسلحہ برآمد کر لیا گیا، جبکہ اس کے ساتھی علاقے کی دشوار گزار صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close