کرفیو کے نفاذ کا اعلان

پشاور (پی این آئی)شمالی اور جنوبی وزیرستان اپر میں کل کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر سلیم جان نے اعلان کیا ہے کہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر کل 27 مارچ 2025 کو جنوبی وزیرستان اپر میں کرفیو نافذ رہے گا۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق یہ کرفیو فی الحال ایک دن کے لیے نافذ العمل ہوگا اور صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک تمام متاثرہ علاقوں میں سڑکیں ٹریفک کے لیے بند رہیں گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو کے دوران عزیز آباد چوک سے سرویکئی اور جنڈولہ تک کا روڈ بند رہے گا۔

اسی طرح آسمان منزہ سے لدھا اور مکین تک، مکین سے بی بی راغزئی، سراروغہ اور کوٹکئی سے جنڈولہ تک سڑکیں بھی ٹریفک کے لیے معطل رہیں گی۔مزید برآں، بروند سے مولے خان سرائی اور تیارزہ سے توروام تک کے راستے بھی بند کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر سلیم جان نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ علاقے میں سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ کل 27 مارچ 2025 کو پورے شمالی وزیرستان میں کرفیو نافذ رہے گا اور اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ایف آر بنوں کے سیدگئی چیک پوسٹ سے تحصیل دتہ خیل تک تمام مرکزی سڑکیں بند رہیں گی۔اسی طرح رزمک سب ڈویژن سے پاک-افغان سرحد پر واقع تحصیل غلام خان تک تمام راستوں پر بھی آمدورفت معطل رہے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close