کرم میں دہشتگردی کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے؟ بڑا انکشاف

اسلام آباد(پی این آئی)عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشتگردی کے پیچھے منظم قوتیں ہیں، کرم میں دہشتگردی کے پیچھے امریکا کا ہاتھ ہے، آج اے این پی پورے صوبے میں یوم سیاہ منا رہی ہے ۔

عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے خیبر پختونخوا میں بدامنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں صوبائی قیادت اور کارکنان کی شرکت نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا کہ امریکا سی پیک کے خلاف مسلسل سازشیں کر رہا ہے، کرم واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ منظم طریقے سے پارا چنار میں فرقہ وارانہ فسادات کرائے جا رہے ہیں ، وزیر اعلیٰ کو صوبے کی کوئی فکر نہیں ، صوبے کے عوام اپیل کرتا ہوں کہ دہشتگردوں کے سازشوں میں نہ آئیں۔

میاں افتخار حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ صوبے کے وسائل جلسے جلوسوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں ، وفاق اور صوبے کے درمیان گٹھ جوڑ ہے، کوئی خیبرپختونخوا کو نہیں پوچھ رہا ہے۔اے این پی رہنما نے کہا کہ ہمیں دشمن کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہونا پڑے گا ، ہم کرم کے عوام کے ساتھ ہیں، ہم صرف امن چاہتے ہیں ، عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ فرقہ وارانہ فسادات میں ایک دوسرے کو مت ماریں۔میاں افتخار حسین نے مزید کہا کہ سب سے آسان ٹارگٹ فرقہ وارانہ فسادات ہیں ، بنوں، ڈی آئی خان اور باجوڑ میں منظم منصوبے کے تحت دہشت گردی کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close