لیبیا کی جیل میں قید باجوڑ کے 60 نوجوانوں کو واپس لانے کا مطالبہ کر دیا گیا

باجوڑ (آئی این پی ) کئی ماہ سے لیبیا کی جیل میں قید باجوڑ کے 60 نوجوانوں کو ملک واپس لانے کیلئے حکومت فوری اقدامات کریں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی باجوڑ کے اورنگزیب انقلابی، ملک سعید الرحمان، حاجی خان بہادر، انجنیئر حضور خان اور لیبیا کے جیلوں میں قید نوجوانوں کے اہل خانہ نے باجوڑ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ غربت اور مجبوری کے باعث یورپ جانے کی کوشش کرنے والے پاکستانی اور خاص کر باجوڑ کے 60 نوجوان لیبیا کی مختلف جیلوں میں بند ہیں اور حکومت کی جانب سے تاحال رہائی کیلئے اقدامات نہیں کئے گئے۔ قیدیوں کے اہل خانہ اور باجوڑ کے مشران کا کہنا ہے کہ کئی قیدی بیمار ہیں، مناسب کھانا بھی نہیں دیا جاتا، لہذا ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت رہائی اور پاکستانی واپسی کے لئے مثر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ یونین والوں نے ان کیلئے واپسی کی رقم، فلائٹ وغیرہ سب کا انتظام کر رکھا ہے۔ لہذا حکومت فوری اقدامات کرے بصورت دیگر ہم احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close