ہری پور(آئی این پی) پیپلز پارٹی ہزارہ ڈویژن کے صدر ملک فاروق،16 نومبر جلسہ کے میزبان و امیدوار صوبائی اسمبلی سید سلیم شاہ،ضلعی صدر ذوالفقار قریشی،امیدوار قومی اسمبلی این اے 18 سید زوار نقوی،امیدوار صوبائی اسمبلی افتخار عباسی،راجہ شمیم انور اویسی اور دیگر نے کہا ہے کہ 16 نومبر کو ہزارہ کے صدر مقام ایبٹ آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری انتخابی مہم کے ضمن میں تاریخی جلسہ سے خطاب کریں گے جس کے لیے ہزارہ بھر کے جیالے اور عوام پر جوش ہیں،
پیپلز پارٹی کسان مزدور،عام آدمی کی آواز ہے جس کے کریڈٹ پر ملک اور قوم کے لیے سنہری خدمات کی تاریخ ہے،ملک کو بد حالی کی اس نہج پر پہنچانے میں میڈیا بھی ذمہ دار ہے،صوبہ ہزارہ وقت کی اہم ضرورت ہے،عوام 8 فروری کے مجوزہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کو دوتہائی اکثریت سے ایوانوں تک پہنچائیں تو بانی قائد ذوالفقار علی بھٹو شہید والا دور واپس لا سکتے ہیں،ہزارہ کے غیور عوام 16 نومبر کے جلسہ میں بھرپور شرکت کر کے تاریخ ساز بنائیں پیپلز پارٹی اقتدار میں آ کر پسے ہوئے غریب،مظلوم طبقات کی حقیقی آواز اور سہارا ثابت ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی ہزارہ ڈویژن کے صدر ملک فاروق،16 نومبر جلسہ کے میزبان و امیدوار صوبائی اسمبلی سید سلیم شاہ،ضلعی صدر ذوالفقار قریشی،امیدوار قومی اسمبلی این اے 18 سید زوار نقوی،امیدوار صوبائی اسمبلی افتخار عباسی،راجہ شمیم انور اویسی اور دیگر نے ہری پور پریس کلب میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا جب کہ اس موقع پر پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے سینئیر نائب صدر احمد جان سکندر،ضلعی جنرل راجہ جاوید،ضلعی سیکرٹری اطلاعات ملک اشتیاق احمد،غلام مصطفے’آثم سمیت دیگر مقامی قائدین و راہنما بھی موجود تھے۔ڈویژنل صدر ملک فاروق نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا 16 نومبر کا کامیاب جلسہ ہزارہ صوبے کے قیام اور دیگر محرومیوں کے ازالے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا اس لیے پارٹی کارکنان اس جلسے کو صحیح معنوں میں کامیاب کریں۔مقررین نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو اقتدار میں آ کر پارٹی منشور کو عملی جامہ پہناتے ہے اور انتخابی وعدے پورے کرتی ہے۔پریس کانفرنس میں صحافیوں کی طرف سے اٹھائے گئے ان سالات پر کہ پارٹی تنظیمی طور پر کمزور کیوں ہوئی اور اقتدار سے باہر ہوتے ہوئے مقامی سطح پر بیوروکریسی اور اداروں کی ناقص کارکردگی پر دیگر اپوزیشن پارٹیوں کی طرح عوامی ریلیف کے لیے پارٹی قیادت کیوں خاموش رہی کے جواب میں ڈویژنل و ضلعی راہنمائوں نے بانی قائد،شہید بی بی بے نظیر بھٹو کے تاریخی کارنامے گنواتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک و قوم کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں اور تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں تاہم پارٹی کے کمزور پہلوئوں اور ضلعی سطح پر عوام کو درپیش مسائل کے لیے پارٹی راہنمائوں کے اقدامات کے سوال کو پیپلز پارٹی قائدین گول کر گئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں