ٹانک، سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 10دہشت گرد ہلاک

ٹانک(آئی این پی )سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن ضلع ٹانک کے علاقے پیزو میں کیا گیا، یہ کارروائی دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں، بھتہ خوری اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد ہوا،علاقہ مکینوں کی جانب سے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقہ مکینوں نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کو سراہا، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں