خیبر پختونخوا میں ڈرائیونگ لائسنس کا آن لائن حصول ممکن ہو گیا

پشاور(آئی این پی )انسپکٹر جنرل اختر حیات کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان کی نگرانی میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے درخواست دہندہ گان کے وقت کی بچت کیلئے ٹریفک آفیشل موبائل ایپ ’’رابطہ‘‘ کے ذریعے آن لائن ایپلائی کی سہولت کا آغاز کردیا جس کے تحت درخواست دہندگان اپنے وقت کی بچت کے لیے ٹریفک آفیشل موبائل ایپ ’’رابطہ‘‘ کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس کے لیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں یہ نظام پورے صوبے میں نافذ کر دیا گیا ہے.

چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی خیبر پختو نخوا اختر حیات خان کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور میں متعدد اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں جس کے تحت اب درخواست دہندگان ادارے کے آفیشل ویب سائٹ www.ptpkp.gov.pk کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس کے لیے آن لائن اپوائنمنٹ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے بتایا کہ ٹریفک پولیس نے اوور سیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ایک منصوبہ تیار کیا ہے اس مقصد کے لیے اوورسیز پاکستانی وہاں سے ڈرائیونگ لائسنس رینول کروا سکتے ہیں۔چیف ٹریفک آفیسر نے مزید بتایا کہ جی پی او کے ساتھ معاہدہ ہوگیا ہے جی پی او درخواست گزار کو لائسنس اس کی دہلیز پر صرف 30 روپے میں فراہم کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حیات آباد لرنر پرمٹ کاؤنٹر 2021 میں قائم کیا گیا تھا اور اس کا کام صرف لرنر پرمٹ جاری کرنا تھا اور اب آئی جی کی ہدایت پر اس سہولت کو لائسنس کی تجدید تک بڑھا دیا گیا۔ چیف ٹریفک آفیسر نے مزید کہا کہ آئی جی خیبر پختونخوا نے ٹریفک وارڈنز رولز کی بھی منظوری دے دی جو 2016 سے زیر التوا تھا جس سے ٹریفک اہلکاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور میں جدید و عالمی معیار کے مطابق پرنٹنگ کیلئے لیزر پرنٹر لگادیا گیا جس میں ایسے فیچرز ہیں جس کو کوئی اور کاپی نہیں کر سکتا۔ چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے مزید بتایا کہ ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی نہایت ہی ضروری ہے اس سلسلے میں ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کو باقاعدہ درخواست کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بارے مضمون نصاب میں شامل کرے تاکہ بچپن سے ہی بچوں کو ٹریفک قوانین بارے آگاہی دی جائے۔

عوام میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لئے انہوں نے بتایا کہ شہر بھر میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت ٹریفک حکام اور اہلکاروں کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات اور ٹرانسپورٹ اڈہ جات میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے کیلئے تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے جبکہ سکولز‘ کالجز و یونیورسٹیز میں بھی باقاعدہ سیمینارز کا اہتمام کیا جاتا ہے اسی طرح تمام بی آر ٹی سٹیشنوں پر اور کینٹ ایریا میں ایل ای ڈی سکرینز پر ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی جا رہی ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے محکمہ ایکسائز کے ساتھ مل کر رکشوں اور موٹر سائیکلوں کی عارضی رجسٹریشن کا سلسلہ شروع کردیا ہے اسی طرح سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے پشاور بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو وارننگ بک دینے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جس میں مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے ٹریفک رضاکاروں کی مدد لی جا رہی ہے جو سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو وارننگ بکس دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹیشن ہیڈ کوارٹر کی مدد سے پارکنگ، راؤنڈ اباؤٹس، یو ٹرنز، بازار سے باہر نکلنے اور داخلی گیٹوں میں ٹریفک کی بھیڑ سے بچنے کے لئے مختلف اصلاحات کی گئی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لوگوں کو ٹریفک قواعد و ضوابط سے آگاہ کرنے کے لئے مختلف سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں سے رضاکاروں کی خدمات کو حاصل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے متعدد مہمات شروع کی گئی ہیں جیسے کہ ون ویلنگ، بغیر ہیلمٹ ڈرائیونگ‘ کالے شیشوں کا استعمال‘ اوور سپیڈنگ‘ غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف آپریشن‘ غیر نمونہ / فینسی نمبر پلیٹس تجاوزات کیخلاف آپریشن و دیگر مہمات شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے عام لوگوں کی سہولت کے لیے ٹریفک سہولت مرکز جی ٹی روڈ پر قائم کرلیا گیا ہے جس میں مختلف علاقوں سے آنے والے مسافروں کو پشاور کے مختلف روٹس اور ٹریفک قوانین بارے آگاہی دی جا رہی ہے۔ اسی طرح آئی جی اختر حیات خان کی ہدایت پر حیات آباد میں ڈرفٹنگ کرنیوالے ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں عمل میں لا رہی ہیں اور ڈرفٹنگ کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close