نو پارکنگ کی خلاف ورزی، 3 سو سے زائد موٹر سائیکلوں کو ٹرمینل میں بند کر دیا

پشاور( آئی این پی ) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے نو پارکنگ زون کی خلاف ورزیوں پر 3 سو سے زائد موٹر سائیکلوں کو ٹرمینل میں بند کردیا جبکہ تجاوزات قائم کرنے پر 601 افراد کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں نے شہر بھر سے تجاوزات مافیا کو رضا کارانہ طور پر تجاوزات کے نقصانات بارے آگاہی دی تاہم تجاوزات مافیا کی جانب سے اس پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا تھا

جس پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی جانب سے بورڈ بازار, باچا خان چوک, حیات آباد, خوشحال بازاراور نمک منڈی روڈ پر کارروائیاں کی گئیں اور 601 افراد کو گرفتار کر کے ان پر جرمانے عائد کئے۔اسی طرح کینٹ سیکٹر میں بلور پلازے کے سامنے‘ خوشحال بازار اور نمک منڈی میں نو پارکنگ زون میں موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے پر 3 سو سے زائد موٹر سائیکلوں کو ٹرمینل میں بند کردیا گیا۔ چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تجاوزات مافیا کو پہلے نوٹسز جاری کرتی ہے جبکہ اس کے بعد آپریشن کر کے تجاوزات قائم کرنے کے مرتکب افراد کو حراست جبکہ سامان کو قبضے میں لیکر ٹرمینل منتقل کردیا جاتا ہے تاکہ مالکان پر جرمانے عائد کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات مافیا شہر کی خوبصورتی کا خاص خیال رکھتے ہوئے اپنے حدود سے تجاوز نہ کریں اور شہریوں کیلئے کسی قسم کے مشکلات پیدا کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے مزید کہا کہ تجاوزات قائم کرنے کے مرتکب افراد کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائیگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close