پوست کی فصل تباہ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے

پشاور( آئی این پی )خیبرپختونخوا کو ہرقسم کی منشیات اور سماجی برائیوں سے پاک صوبہ بنانے کیلئے صوبائی حکومت اور چیف سیکرٹری کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبائی سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے صوابی کے بعض دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں کاشت کی گئی پوست کی فصل تباہ کرنے کے احکامات جاری کئے جس کی روشنی میں صوابی میں محکمہ ایکسائز اور ڈسٹرکٹ پولیس کا ایک مشترکہ آپریشن ہوا۔ یہ آپریشن ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول ایکسائز ڈاکٹر عید بادشاہ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر نارکوٹکس کنٹرول زاہد اقبال خان کی زیر سرپرستی ہوا۔ 

اس کامیاب آپریشن میں محکمہ ایکسائز کی نارکوٹکس کنٹرول ونگ اور ڈسٹرکٹ پولیس کے جوانوں پر مشتمل مشترکہ ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے مختلف ٹکڑوں میں کاشت کی گئی تقریباً 150 کنال اراضی پر پوست (افیون) کی کھڑی فصل کو تلف کردیا۔ آپریشن میں سرکل آفیسر مردان ریجن سید نوید جمال، ایس ایچ او تھانہ ایکسائز مردان ریجن محمد ریاض، تھانہ ایکسائز پشاور ریجن، ایکسائز انٹیلیجنس بیورو، ڈسٹرکٹ پولیس کے ڈی ایس پی روشن زیب خان، ایس ایچ او تھانہ انڈسٹریل اسٹیٹ پولیس صوابی لیاقت شاہ خان اور ایکسائز و ڈسٹرکٹ پولیس کے دیگر جوانوں نے حصہ لیا اور فرض شناسی کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے انتہائی مشکل پہاڑی گھاٹیوں میں کاشت کی گئی پوست کی فصل تباہ کر دی آپریشن گدون کے علاقوں منگل چائی، داروڑئی اور چینئی کی پہاڑیوں میں کیا گیا۔ پہاڑی گھاٹیوں کے اس مشکل آپریشن میں تھانہ ایکسائز مردان، تھانہ ایکسائز پشاور، ایکسائز انٹیلیجنس بیورو اور صوابی پولیس کے تھانہ جات نے مشترکہ حصہؔ لیا۔ دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں آپریشن کے دوران مافیا کا ایک مخصوص شرپسندگروہ حرکت میں آگیا جس نے وسیع علاقے میں افیون کی کاشت تباہ کرنے پر احتجاج شروع کردیا اور روڈ بند کردیا۔ صوابی پولیس اور ایکسائز عملے کے ساتھ تلخ کلامی کرنے اور روڈ بند کرنے پر علاقہ مشران نے بھی فوری مداخلت کی اور موقع پر پہنچ کر صلح صفائی کرائی جس کے بعد روڈ کھول دیا گیا۔ بعد ازاں منگل چائی سے تعلق رکھنے والے علاقہ معززین نے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران سے ملاقات کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف اشتعال انگیزی پر معذرت کی۔ انہوں نے آئندہ افیون کاشت نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی اور مشترکہ ٹیم کے ہمراہ معاشرے کو منشیات سمیت ہر قسم کی برائیوں سے پاک کرنے کیلئے اجتماعی دعا میں شریک ہوئے۔ درایں اثناء سیکرٹری محکمہ ایکسائز احسان اللہ، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ظفر الاسلام خٹک اور ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول ڈاکٹر عید بادشاہ نے  آپریشن میں حصہ لینے والے افسران و جوانوں کی پھرتی اور فرائض منصبی کی بطریق احسن ادائیگی کو سراہا اور انہیں شاباش دیتے ہوئے توصیفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close