مسافروں سے زیادہ کرایہ لینے والے 392 ٹرانسپورٹروں کے خلاف ایکشن

پشاور( آئی این پی )سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے مسافروں سے زیادہ کرایہ لینے پر گزشتہ ہفتے 392 ٹرانسپورٹروں کو چالان کیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان کی ہدایت پر شہر کے مختلف سیکٹروں میں کی جانیوالی ناکہ بندیوں سے گزرنیوالی گاڑیوں میں سفر کرنے والے مسافروں سے کرایوں بارے آگاہی حاصل کی گئی جس میں زیادہ کرایہ وصول کرنے پر 392 ٹرانسپورٹروں کا چالان کیا گیا۔

چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے کہا ہے کہ کسی کو خلاف قانون کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی جبکہ حکومت اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے مقرر کردہ کرایہ نامہ پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی اے کی جانب سے ٹرانسپورٹروں کیلئے مناسب کرایہ نامہ مقرر کیا جاتا ہے جس سے مسافر اور ٹرانسپورٹرز دونوں مستفید ہوتے ہیں اس کے باوجود مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنا ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے کسی قسم کے رعایت کے مستحق نہیں انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز اپنا قبلہ درست کرے بصورت دیگر ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close