باچا خان ایئرپورٹ پر مسافر سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد

کراچی(آئی این پی) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مختلف کارروائیوں کے دوران چرس اور ہیروئن سے بھرے کیپسول اور ویڈ تحویل میں لیے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد منشیات فورس (اے این ایف) کا ملک بھر میں منشیات کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، اے این ایف اور اے ایس ایف کی باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پشاور پر مشترکہ کارروائی کے دوران فلائٹ نمبر جی نائن 555 سے شارجہ جانے والے مسافر سے 70 گرام چرس برآمد کی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمد شدہ چرس کو رباب(میوزیکل انسٹرومنٹ) میں چھپایا گیا تھا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 2 مختلف کارروائیاں کی گئیں اور بیرون ملک کیپسولز کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ پہلی کارروائی کے دوران ملکی نجی ایئرلائن کی پرواز پی اے 210 کے ذریعے دبئی جانے والے ملزم کے پیٹ سے 80 ہیروئن سے بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔دوسری کارروائی کے دوران قومی ائرلائن کی پرواز پی کے 287 کے ذریعے دوحہ جانے والے ملزم کے پیٹ سے 52 چرس سے بھرے اور 31 آئس سے بھرے کیپسول برآمد کیے گئے۔ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 510 گرام چرس برآمد کی گئی، گرفتار ملزم چرس طلبا کو فروخت کرتا تھا۔اسی طرح لاہور ایمپریس روڈ پر واقع نجی کورئیر آفس میں ناروے سے بھیجے گئے پارسل سے 31 گرام ویڈ برآمد ہوئی، مذکورہ برآمد شدہ ویڈ ٹافیوں کے پیکٹ میں چھپائی گئی تھی۔ترجمان نے مزید کہا کہ گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close