پشاور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے دو اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی نے پارٹی سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا اور صوبائی وزیرخزانہ نے تصدیق کردی۔خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے تصدیق کی کہ اراکین صوبائی محمد فہیم اور سلطان خان پی ٹی آئی چھوڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر سیاست دان اپنے مستقبل اور پسند کے مطابق کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہوسکتا ہے۔
تیمور جھگڑا نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ رکن صوبائی اسمبلی محمد فہیم کافی عرصہ پہلے پارٹی چھوڑ چکے ہیں اور ان کا موجودہ بیان سمجھ سے بالاتر ہے۔پی ٹی آئی کے چارسدہ سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی اور سابق وزیرقانون سلطان محمد خان نے پارٹی سے علیحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اے این میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے اور آج ہفتہ کو اس کا اعلان کروں گا۔سلطان محمد خان نے کہا کہ خاندان اور اپنے حامیوں سے طویل مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کر لیا ہے اور باقاعدہ طور پر اے این پی میں شامل ہوجائوں گا۔پی ٹی آئی سے علیحدگی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تفصیلات پریس کانفرنس میں بتادوں گا۔خیال رہے کہ سلطان محمد خان پی ٹی آئی کی موجودہ صوبائی حکومت میں بھی کابینہ کا حصہ تھے لیکن انہیں ہارس ٹریڈنگ کے حوالے سے ویڈیو اسکینڈل میں ہٹادیا گیا تھا۔دوسری جانب اے این پی کی جانب سے بھی پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ پی ٹی آئی اراکین اپنے خاندان اور حامیوں کے ساتھ باقاعدہ طور پر اے این پی میں شامل ہوں گے۔اے این پی کی ترجمان ثمر ہارون بلور نے بیان میں کہا کہ سلطان محمد خان ضلع چارسدہ میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس میں صوبائی صدر ایمل ولی خان کی موجودگی میں اپنے فیصلے کا اعلان کریں گے۔
اس سے قبل ایمل ولی خان نے سلطان خان سے ان کی رہائش گاہ میں ملاقات کی تھی جہاں ان کے خاندان کے زعما بھی موجود تھے۔پی ٹی آئی کے ایک اور رکن صوبائی اسمبلی محمد فہیم خان بھی اپنی پارٹی کی حکومت کھلے عام تنقید کرتے رہے ہیں اور الزام عائد کیا کہ کابینہ اراکین کرپشن میں مصروف ہیں۔فہیم خان نے کہا کہ عمران خان اپنے ایجنڈے میں مصروف ہیں اور کرپشن کے حوالے سے کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔پی ٹی آئی کے صوبائی وزیرخزانہ تیمورجھگڑا نے سابق صوبائی وزیر قانون سلطان خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ باصلاحیت اور تجربہ کار سیاست دان ہیں۔انہوں نے کہا کہ سلطان خان پر لگنے والے الزامات سے سب واقف ہیں اور اے این پی نے ان الزامات کے حوالے سے کیا کہا تھا۔تیمور جھگڑا نے کہا کہ اس طرح کسی کے چھوڑ جانے سے پارٹی اور عمران خان کی جدوجہد پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں