اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک کار میں سوار باپ اور بیٹی تیز برساتی نالے میں بہہ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دونوں مدد کے لیے چیختے رہے لیکن تیز پانی کے باعث کار سمیت بہہ گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ واقعہ سوسائٹی کے فیز 5 میں پیش آیا، جہاں نالے سے کار کا بمپر برآمد ہوا۔ متاثرہ افراد کی شناخت ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی اور ان کی 25 سالہ بیٹی کے طور پر ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ سرمئی رنگ کی کار میں گھر سے نکلے تھے، لیکن بارش کے پانی میں گاڑی بند ہوگئی۔ گاڑی اسٹارٹ کرنے کی کوشش کے دوران پانی کا بہاؤ تیز ہوا اور گاڑی نالے میں بہہ گئی۔ ریسکیو 1122، پولیس، سوسائٹی عملہ اور غوطہ خوروں پر مشتمل ٹیم نے امدادی آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہونے والی شدید بارش نے نشیبی علاقوں کو متاثر کیا ہے۔ راولپنڈی کی ایک اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 8 میں بھی پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جب کہ باغ راجگان، کھڑکن اور سوہاوہ جیسے دیہات بھی زیر آب آ گئے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق اڈیالہ سرکل اور بسکٹ فیکٹری چوک پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں