وفاقی دارلحکومت میں افسوسناک واقعہ، کوڑا کرکٹ اٹھانے والے بچے دلدل میں دھنسنے سے ہلاک

اسلام آباد(پی این آئی) اسلام آباد کے علاقے میں کوڑا کرکٹ اٹھانے والے تین بچے دلدل میں دھنسنے سے ہلاک ہوگئے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق ان بچوں کی ہلاکت کا واقعہ تھانہ ترنول کی حدود میں منگل کو پیش آیا۔اسلام آباد کی انتظامیہ نے بچوں کےبرساتی نالے میں ڈوبنے کی تردید کی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا ہے۔ایک بیان میں ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ’تینوں بچے کوڑا اٹھانے کا کام کرتے تھے، اور اسی مقصد کے لیے وہ کوڑا اٹھانے ڈھیر پر گئے۔‘ ’کوڑا کرکٹ کا ڈھیر دلدل نما تھا اور بچوں نے جیسے ہی اس کمزور سطح پر پاؤں رکھا وہ دھنستے چلے گئے۔‘

ضلعی انتظامیہ نے مزید بتایا کہ ’مرنے والے بچوں میں 10 سال کا گل ترین، 7 برس کی ہاجرہ بی بی اور 9 سال کی فرقینہ شامل تھیں۔‘’تینوں بچے کوڑا کرکٹ اُٹھانے کے لیے اکثر ایک ساتھ جایا کرتے تھے، معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔‘دوسری جانب تھانہ ترنول کے اے ایس آئی نذیر احمد نے اردو نیوز کے نامہ نگار کو بتایا کہ یہ واقعہ منگل کو دن دو بجے کے قریب پیش آیا۔ان کے مطابق ہلاک ہونے والے بچے افغان شہری اور شاہین آباد کے رہائشی تھے، اور ان کی موت ایک برساتی نالے میں ڈوبنے سے ہوئی۔‘

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close