اسلام آباد ہائی کورٹ نے ترنول پر جلسے کی اجازت دینے کی یقین دہانی پر پی ٹی آئی کی درخواست نمٹا دی۔
پاکستان تحریک انصاف کی اسلام آباد میں جلسے کا مقام تبدیل کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ ہمیں پچھلے 6 ماہ سے جلسے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے وکیل شعیب شاہین سے سوال کیا کہ ابھی انہوں نے آپ کو کہاں جلسے کی اجازت دی ہے؟
وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ انہوں نے جہاں اجازت دی ہے وہاں 5 ہزار لوگ بھی نہیں آسکتے، سر ہمیں ایف 9 پارک، پریڈ گراؤنڈ یا پشاور موڑ پر جگہ دے دیں۔جس پر عدالت نے کہا کہ ایف 9 پارک کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ایک تو پارک رہ گیا ہے، پارکس کا کیا قصور؟ ایڈووکیٹ جنرل نے 22 اگست کو ترنول پر جلسے کی اجازت دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔وکیل شعیب شاہین کی جانب سے جلسے کا مقام تبدیل کرنے پر زور دیا گیا۔جسٹس حسن اورنگزیب نے کہا کہ شعیب صاحب عدالت جلسے کے مقام سے متعلق آرڈر پاس نہیں کرسکتی، یہ انتظامیہ کا کام ہے، آپ اپنی تقریر تیار کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں