سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی، حکومت نے اہم قدم اٹھا لیا

اسلام آباد(پی این آئی) سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام، حکومت نے اہم قدم اٹھا لیا۔۔۔ وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کیلئے مشاورت شروع کر دی۔ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی سے متعلق مجوزہ پیکا ترمیمی بل 2024 پارلیمنٹ میں پیش کیا جانا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کی قانونی اصلاحات کمیٹی کی مجوزہ ترمیمی بل پر مشاورت کیلئے اسٹیک ہولڈرز کو دعوت دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق کمیٹی کی اتھارٹی کے قیام کیلئے میڈیا ہاؤسز،دیگر اسٹیک ہولڈرز کو بھی مشاورت کی دعوت دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں اس معاملے پر کابینہ کی کمیٹی بنائی تھی جس کا کام مشاورت کرنا ہے، سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ڈیجیٹل حقوق سے متعلق معاملات پر حکومت کو تجاویز دے گی۔ذرائع کے مطابق اتھارٹی انٹرنیٹ کے ذمہ دارانہ استعمال اور ضوابط کی تعمیل یقینی بنائے گی، مجوزہ اتھارٹی کی جانب سے آن لائن مواد کو ریگولیٹ کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا، سوشل میڈیا پر قانون کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات سے متعلق طریقہ کار پر بھی بات ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورت میں سوشل میڈیا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں اور گواہوں کو طلب کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا، بل شہریوں کی نجی زندگی کو سوشل میڈیا سے لاحق خطرات سے تحفظ دینے کیلئے لایا جا رہا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close